فیصلہ کی اصل کاپی تاخیر سے بم دھماکہ متاثرین کو مہیا کرائی گئی
مالیگاؤں 2008بم دھماکہ مقدمہ میں خصوصی این آئی اے عدالت سے بری کیئے گئے تمام ملزمین بشمول سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہت اور سمیر کلکرنی کے خلاف بم دھماکہ متاثرین اگلے چند ایام میں بامبے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کردیں گے۔اس ضمن میں آج ممبئی میں بم دھماکہ متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبارات کو اطلاعات فراہم کی۔بامبے ہائی کورٹ میں پٹیشن بم دھماکہ مہوکین کے ورثاء نثار احمد حاجی سید بلال، شیخ لیاقت محی الدین، شیخ اسحق شیخ یوسف، عثمان خان عین اللہ خان، مشتاق شاہ ہارون شاہ اور شیخ ابراہیم شیخ سپڑوکی جانب سے داخل کی جائے گی۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ 31/ جولائی 2025/ کو خصوصی این آئی اے عدالت نے فیصلہ صادر کیا تھا جبکہ فیصلہ کی اصل کاپی ہمارے وکلاء کو 13/ اگست2025کو ممبئی سیشن کورٹ رجسٹرار کی جانب سے مہیا کرائی گئی لہذا فیصلہ کی اصل کاپی ملنے کے بعد تیس دنوں میں اپیل داخل کرنے کی جو مدت ہے اسی مدت میں اپیل داخل کرنے کی وکلاء کوشش کررہے ہیں۔قوی امید ہے کہ مقررہ مدت میں بامبے ہائی کورٹ میں اپیل داخل کردی جائے گی۔مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے سینئر وکلاء کی رہنمائی میں اپیل تیار کی گئی جس میں ان تمام خامیوں کا ذکر کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر خصوصی این آئی اے عدالت نے نا کافی ثبوت و شواہد کی وجہ سے ملزمین کو مقدمہ سے بری کردیاتھا۔انہوں نے مزید کہا کہ این آئی اے یا ریاستی حکومت کی جانب سے مقدمہ سے بری کیئے گئے ملزمین کے خلاف ابتک ہائی کورٹ میں اپیل داخل کرنے کے تعلق سے کوئی خبر نہیں ہے، ایسا لگتا ہے کہ استغاثہ کی جانب سے جس منظم طریقے سے مقدمہ کو کمزور کرکے ملزمین کو فائدہ پہنچایا گیا حکومت سے کم ہی امید ہے کہ وہ ملزمین کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں اپیل داخل کریگی۔
واضح رہے کہ خصوصی این آئی اے عدالت نے مالیگاؤں 2008/ بم دھماکہ مقدمہ کا سامنا کررہے ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر،اجے راہیکر، میجر رمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، کرنل پروہت، سوامی سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر اونکار چتروید کو 31/ جولائی 2025/ کو ناکافی ثبوت و شواہد کی بنیاد پر مقدمہ سے بری کردیا تھا۔اس مقدمہ میں کل 323/ سرکاری گواہان اور 8/ دفاعی گواہان نے اپنے بیانات کا خصوصی عدالت میں اندراج کرایا تھا۔ دوران گواہی 39/ سرکاری گواہان اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہوگئے جس کی بنیاد پر عدالت نے ملزمین کو مقدمہ سے بری کردیا۔29/ ستمبر 2008/ کو مالیگاؤں کے مشہور بھکو چوک نامی مقام پر بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 6/ لوگ شہید اور 101/ زخمی ہوئے تھے۔




