سرکاری افسران کا تبادلہ نہ ہونے پرآرٹی آئی فورم کا دھرنا ، ضلعی انتظامیہ سے تحریری  جواب کا مطالبہ

بھٹکل : گذشتہ دس سالوں سے زائد شہر کے تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمںشنر کے دفتر میں اپنی خدمات انجام دینے والے افسران کے تبادلہ پرگذشتہ ماہ دئیے گئے میمورنڈم پر کارروائی نہ ہونے سے ناراض آر ٹی آئی ایکٹیوسٹ اور سماجی کارکنان کے فورم نے قدیم تحصیلدار دفتر کے سامنے غیر معینہ دھرنا شروع کیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ بھٹکل تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں موجود افسران اور عملہ کے تبادلہ کی ایک مہینہ گزرنے کے بعد کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ انتظامیہ کو شفاف رکھنےکے یہ اقدام ضروری ہے۔     

مظاہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر پیر کے دن تک ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس ضمن میں کارروائی نہیں کی جاتی ہے کہ تو پھر ہم لوگ بھوک ہڑتال شروع کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔

تحصیلدار نے مظاہرین کو بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے رہے افراد کے تعلق سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ جلد ہی اس تعلق سے بہتر فیصلہ کیا جائے گا۔

مظاہرین نے تحصیلدار کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ یا ضلع انتظامیہ جو بھی کارروائی کرے گی اس تعلق سے ہمیں تحریری جواب ملنا چاہیے۔ جب تک صاف اور واضح حکمنامہ ہمارے ہاتھ میں نہیں آتا تب تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔