جموں: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر راجوری ضلع کے کیری سیکٹر میں کل رات ہندوستانی فوج کے چوکس دستوں نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا اور ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ملی ٹنٹوں کو پیچھے دھکیل دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر زیرو لائن کے قریب مشتبہ لوگوں کی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے الرٹ فوجیوں نے فائرنگ کی اور مشتبہ ملی ٹنٹوں کو پیچھے دھکیل دیا۔
دہشت گرد ایل او سی پر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن الرٹ فوجیوں نے انہیں واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا اور ان کے زخمی ہونے کا امکان ہے لیکن علاقے میں گھنے جنگلات ہیں اور یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کوئی ملی ٹنٹ مارا گیا یا نہیں۔
فوج دریں اثنا دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کی تصدیق نہیں کر رہی ہے لیکن کہا ہے کہ چوکس فوجیوں نے کچھ راؤنڈ فائر کیے تھے۔
کیری سیکٹر ماضی میں ملی ٹنٹوں کی دراندازی کا روایتی راستہ رہا ہے لیکن اس علاقے میں باڑ لگانے اور فوجی دستوں کی تعیناتی کے بعد دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے اور کئی بار ملی ٹنٹ مارے بھی گئے ہیں۔
تلاشی مہم کے دوران ڈرونز بھی تعینات کیے گئے۔ تاہم ملی ٹنٹوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ حکام کے مطابق مقامی پولیس، سی آر پی ایف اور نیشنل رائفلز کے اسپیشل آپریشن گروپ نے بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع ملنے پر پونچھ ضلع کے کئی علاقوں بالخصوص سورنکوٹ، مینڈھر میں صبح 6 بجے کے قریب تلاشی مہم چلائی تاہم کوئی گرفتار نہیں ہوا۔ جموں و کشمیر پولیس نے سیکورٹی فورسز کی مدد سے کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ کئی علاقوں کی تلاشی بھی لی۔


