جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی ہماری ترجیح: ملکارجن کھڑگے

سری نگر: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کو جلد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم خوش ہیں کہ ہمارا الائنس پارٹنر وزیر اعلیٰ بن گیا ہے اور جموں و کشمیر میں کافی عرصے کے بعد جمہوریت بحال ہوئی ہے۔‘‘

موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر کے باہر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم خوش ہیں کہ ہمارے الائنس پارٹنر وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں طویل عرصے کے بعد جمہوریت بحال ہوئی ہے ہم جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کو جلد یقینی بنائیں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا۔ اس حلف برداری کی تقریب میں کانگریس صدر کے علاوہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔

وزیر اعظم مودی نے مبارکباد پیش کی

وزیر اعظم نریندر مودی نے عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ترقی کے لیے ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

سوشل میڈیا پر ایک پیغام مبارکباد میں وزیر اعظم مودی نے کہا ’’عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد! وہاں کے لوگوں کی خدمت کے لیے ان کی کوششوں کے لیے میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں! مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔‘‘

نیشنل کانفرنس ( این سی ) کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد اس کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر آج حلف لیا۔ عبداللہ کی این سی اور کانگریس اتحاد کو 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی کے لیے اس ماہ ہونے والے انتخابات میں واضح اکثریت ملی۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں دوبارہ منظم کرنے کے بعد آج پہلی بار جموں و کشمیر میں ایک منتخب حکومت قائم ہوئی ہے۔

امید ہے کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کے بھروسے پر پوا اترے گی: محبوبہ مفتی

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی ہے کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت میں تشکیل پائی گئی سرکار لوگوں کے مشکلات کو دور کرے گی۔ انہوں نے کہا، ’’پانچ برسوں کے بعد ایک عوامی اور مضبوط سرکار بن گئی ہے امید ہے کہ جس بھروسے سے اس سرکار کو اکثریت ملی ہے یہ سرکار اس بھروسے کی لاج رکھے گی۔‘‘

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں شیر کشمیر کنوکیشن سینٹر کے باہر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا، ’’سب سے پہلے اس حکومت کو 5 اگست 2019 کے فیصلوں کے خلاف مذمتی قرارداد پر توجہ دینی چاہئے۔ پانچ برسوں کے بعد ایک عوامی اور مضبوط سرکار بن گئی ہے امید ہے کہ جس بھروسے سے اس سرکار کو اکثریت ملی ہے یہ سرکار اس بھروسے کی لاج رکھے گی۔‘‘

محبوبہ مفتی نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے لوگوں کو بہت زخم لگے ہیں انہوں نے بہت دھوکے کھائے ہیں امید ہے کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کے مشکلات کو دور کرے گی۔ انڈیا الائنس کے بڑے لیڈر اس حلف بر داری کی تقریب میں شامل تھے جس کو دیکھ کر بہت اچھا لگا۔‘‘

امید ہے کہ نئی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کام کرے گی: ڈاکٹر درخشاں اندرابی

جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عمر عبداللہ کو وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت جموں و کشمیر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی دونوں جماعتوں نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے ساتھ امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’میں عمر عبداللہ صاحب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں لوگوں نے ان کو منڈیٹ دیا ہے امید ہے کہ وہ اس کے مطابق کام کریں گے۔ میں امید کرتی ہوں کہ جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کام ہوگا۔ لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور بی جے پی دونوں پارٹیوں کو بڑا منڈیٹ دیا ہے۔‘‘