اترا کھنڈ میں ایک لمبے عرصے سے یکساں سول کوڈ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔یو سی سی کا نافذ کرنے کا بارہا دھامی حکومت نے اعلان کیا ہے اور اس کے ذریعہ سے مسلمانوں کو نشانہ سادھنے کی کوشش ہوتی رہی ہے ۔اب اتراکھنڈ میں دھامی حکومت نے یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کی طرف قدم اٹھاتے ہوئے کابینہ نے پیر کو اس کے قواعد و ضوابط کو منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ یہ فیصلہ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی سمت میں اٹھایا گیا ایک بڑا قدم ہے۔
پیر کو سیکرٹریٹ میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں یو سی سی کی تجویز کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ تاہم بلدیاتی انتخابات کے باعث کابینہ کی بریفنگ نہیں ہو سکی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دھامی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام سے جو بھی وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا ہے۔ ہم نے 2022 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ ہم ریاست میں یکساں سول کوڈ لائیں گے۔ آج ہی کابینہ کی میٹنگ میں ہم نے متفقہ طور پر یو سی سی کو منظور کیا ہے، جسے جلد ہی ریاست میں لاگو کیا جائے گا۔ عوام کے مطالبے کے مطابق ہم نے ریاست میں مذہب کی تبدیلی، لینڈ جہاد اور تھوک جہاد، فسادات اور نقل مکانی کو روکنے کے لیے سخت قوانین بنائے ہیں۔
یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کا ویب پورٹل 21 جنوری کو پہلی بار ریاست بھر میں بیک وقت استعمال کیا جائے گا۔ فی الحال یہ مشق حکومت کی مشق (ماک ڈرل) کا حصہ ہوگی۔ اس کے بعد یو سی سی کو لاگو کیا جا سکتا ہے۔ موک ڈرل کے ذریعے حکومت، خصوصی کمیٹی اور تربیتی ٹیم اپنی اپنی تیاریوں کو جانچ سکیں گی۔