راجستھان کے جھنجھنو علاقے میں ایک افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک لڑکا یو ٹیوب پر پٹاخہ بنانے کا طریقہ دیکھ کر پٹا خہ بنا نے کی کوشش میں شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔۱۳؍ سالہ ہمانشو نے تجرباتی طور پر گھر میں پٹاخہ بنانے کا طریقہ دیکھا۔اس بچے نے ۲۸؍ اکتوبر کو ویڈیو میں بتائے گئے اجزاء جیسے سلفر ، پوٹاشیم خریدی،جو در اصل نمکیات سے بنی کھاد ہے،جو پانی میں حل پذیر ہوتی ہے۔اور ان کی آمیزش کرکے ایک آمیزہ تیا ر کیا ۔
ہمانشو کی والدہ ریکھا نے بتایا کہ ہمانشو نے ان سے جوس اور چاکلیٹ کیلئے ۱۰۰؍ مانگے تھے، جو انہوں نے اسے دے دئے اور پلانی کیلئے روانہ ہو گئیں۔ لیکن ہمانشو نے ان روپیوں سے سلفر اور پوٹاش خریدی،جس کی قیمت ۵۰؍ روپئے فی شئے تھی۔ چونکہ ماں اس وقت گھر پر نہیں تھیں ، ہمانشو نے اپنی بہن کے خبر دار کرنے کے باوجود گھر کے مکسر میں ان تمام چیزوں کو پیس کر شیشے کی بوتل میں بھر کر جیب میں رکھ لیا۔دیگر پٹاخے جلاتے وقت لوہے کی چھڑی اس کی جیب میں رکھی شیشے کی بوتل سے ٹکراگئی جس کے سبب زوردار دھماکہ ہوا ، اس کےنتیجے میں ہمانشو بری طرح زخمی ہو گیا۔
ہمانشو کے چچا نے اسے فوری طور پر سورج گڑھ کے اسپتال پہنچایا ، بعد میں اسے جھنجھنو اور اس کےبعد جئےپور منتقل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت ہنوز تشویشناک بنی ہوئی ہے۔