بھٹکل : شہر کے شبینہ مکاتب کے طلبہ کے درمیان یوتھ مریم العلی بھٹکل کی جانب سے دوروزہ ناظرہ مسابقہ قرآن کریم مسجد مریم العلی کے احاطہ میں کل رات مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری کی دعاء کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔
اس پروگرام میں شہر کے 60 شبینہ مکاتب سے 155 طلبہ نے شرکت کے لیے اپنا فارم پر کیا تھا جس میں سے تین زمروں کے لیے کل تیس طلبہ منتخب ہوئے۔ طلبہ کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا ، ہر زمرے میں دس طلبہ شریک تھے جس میں اول ، دوم اور سوم آنے والوں کو بالترتیب دس ہزار ، آٹھ ہزار اور پانچ ہزار روپیے مع اسناد تقسیم کیے گیے۔
مہمانِ خصوصی استاد حدیث دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو حضرت مولانا محمد خالد غازی پوری ندوی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ قرآن کی نسبت رکھنے والوں کی عظمت بڑھ جاتی ہیں ، پھر چاہے وہ افراد ہوں یا پھر ادارے ، جس نے اپنے تعلق کو قرآن کریم سے مضبوط کرلیا پھر اس کا چمکنا یقینی ہے۔ مولانا نے قرآن مجید کے پیغام کو عام کرنے اور اس کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مریم العی کے نوجوان قابلِ مبارکباد ہیں جنہوں نے اس پروگرام کا انعقاد کیا۔ اپنی تقریر میں مولانا نے سورہ مریم کی آیتیں تلاوت فرماکرحضرت یحیٰ کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ جس طرح حضرت یحیٰ کو کتاب کو قوت کے ساتھ تھامنے کا حکم تھا ، اسی طرح ہمیں بھی کتابِ الٰہی کو مضبوطی سے تھامنے پر سرخروئی اور سربلندی کے حصول کو یقینی بتایا۔ مولانا والدین کی خدمت کو زندگی کا لازمی حصہ بنانے اور خود کو قرآنی تعلیمات سے آراستہ و پیراستہ کرنے کی بھی نصیحت کی۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولاخواجہ معین الدین ندوی مدنی ، نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد انصار ندوی مدنی نے شبینہ مکتب کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئے مغرب تا عشاء کے وقت کو اس کے لیے فارغ کرنے اور اپنے نونہالوں کو اس کے ذریعہ سے قرآن ، عقائد ، نماز اور مسنون دعائیں یاد کرانے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوشن اور دیگر مصروفیات کا حوالہ دے کر اپنے نونہالوں کو اس سے دور رکھنا بچوں کے مستقبل کے لیے خطرات پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے۔
نتائج کا اعلان مولوی سلمان ندوی نے کیا جس اس طرح رہے۔
زمرہ 1 (پانچ پارے مدرسے کے طلبہ)
اول مقام: محمد ریان بن راشد احمد قاضی (مسجد سلمان فارسی)
دوم مقام: محمد بن مسعود یم جے (جامع مسجد )
سوم مقام: عبدالمنعم بن عنایت اللہ گوائی( مسجد مزمل)
زمرہ 2 (پانچ پارے اسکول کے طلباء)
اول مقام: احمد بن عرفات عسکری (مسجد مریم العلی)
دوم مقام: محمد بن عتیق خومی ( ابوبکر صدیق)
سوم مقام: یعقوب بن اسحاق خلیفہ(مسجد صدیقی)
زمرہ 3( دس پارے اسکول کے طلباء)
اول مقام: احمد سبیل بن ابراہیم خلیل ( خلیفہ مسجد)
دوم مقام: محمد سومان بن عبدالباسط گیما( مسجد خالد بن ولید)
سوم مقام: محمد نبھان بن موسی نائیطے ( مدینہ مسجد)
پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے یوتھ مریم العلی نے پوی جانفشانی کے ساتھ کام کیا جس پر ان کے ذمہ داران نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
حاضرین کا شکریہ مولانا عمیر خلیفہ ندوی نے ادا کیا۔ پروگرام کی صدارت جناب مصطفیٰ تابش خلیفہ نے کی۔ اسٹیج پر صدر انجمن حامی مسلمین جناب یونس قاضیا ، سکریٹری جنرل بھٹکل مسلم خلیج کونسل جناب عتیق الرحمن منیری ، اور دیگر موجود تھے۔