یلاپور (فکروخبر نیوز) مغربی گھاٹ کے قدرتی ماحول کے تحفظ اور اترکنڑا ضلع کے عوام کی زندگیوں پر اثرانداز ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے خلاف منگل 3 نومبر کو یلاپور میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ اور قومی شاہراہ پر راستہ روکو تحریک منظم کی جارہی ہے۔ ’’مغربی گھاٹ بچاؤ، اترکنڑا بچاؤ‘‘ کے نعرے کے تحت منعقد ہونے والے اس احتجاج میں 15 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
منتظمین کے مطابق احتجاج کا بنیادی مقصد بیڈتی (گنگاولی) اور وردا ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کے ساتھ اگھناشنی اور ویداوتی ندیوں کو جوڑنے کے مجوزہ منصوبے کی مخالفت کرنا اور حکومت سے ان منصوبوں کو مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرنا ہے۔
احتجاجی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کے سلسلے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا ضروری ہے، کیونکہ ان کے ممکنہ اثرات مغربی گھاٹ کے قدرتی ماحول اور اترکنڑا ضلع کے باشندوں کی زندگیوں سے وابستہ ہیں۔
منتظمین کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 3 نومبر کو صبح دس بجے یلاپور کے ٹی ایم ایس سپر مارکیٹ میدان میں ایک عوامی جلسہ منعقد ہوگا، جس کے بعد صبح گیارہ بجے احتجاجی جلوس کا آغاز کیا جائے گا۔یہ جلوس بس اسٹینڈ سرکل سے بیل روڈ کے راستے شیواجی چوک اور سبگیری سرکل سے گزرتا ہوا آگے بڑھے گا۔ جلوس کے دوران بھجن، روایتی لوک گیت، ماحولیات کے تحفظ سے متعلق گیت اور مختلف موضوعات پر تیار کردہ جھانکیوں کے ذریعے عوام کو ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے واقف کرایا جائے گا۔ احتجاجی جلوس جب سنکلپ ہوٹل کے قریب واقع قومی شاہراہ پر پہنچے گا تو وہاں راستہ روکو تحریک شروع کی جائے گی۔




