کولکاتا: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے ریاستی اسمبلی میں گئوکشی کی روک تھام کے لیے نیا بل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو ریاستی سکریٹریٹ ’نوبنو‘ میں منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت عمر رسیدہ مویشیوں کی دیکھ بھال اور علاج کے لیے گئوشالاؤں کو سالانہ ایک لاکھ روپے کی مالی امداد بھی فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے ریاست کا نام بدل کر ’پشچم بنگ‘ رکھنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت ۱۹۵۰ کے لائیو اسٹاک ایکٹ کی دفعات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ گئوکشی پر پابندی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں گائے کے ذبیحے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ اس کے کوئی بھی سیاسی یا سماجی معنی نکالے جائیں۔
جب صحافیوں نے یہ سوال اٹھایا کہ آیا اس اقدام سے ریاست میں کام کرنے والے مجاز مذبح (سلاٹر ہاؤس) بھی متاثر ہوں گے، تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجاز مذبح کے معمول کے کام کاج اور گائے کے ذبیحے میں واضح فرق ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی مذبح کے پاس باقاعدہ اجازت نامہ موجود ہے تو وہاں ضوابط کے تحت جانوروں کا ذبیحہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ قوانین کے باوجود ریاست کے بعض حصوں میں غیر قانونی طور پر مویشیوں کا ذبیحہ جاری ہے، جسے روکنے کے لیے حکومت کلکتہ ہائی کورٹ کے تبصروں کی روشنی میں مؤثر کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں خفیہ طور پر غیر قانونی ذبیحہ ہو رہا ہو تو اس کی اطلاع دی جائے تاکہ کارروائی کی جا سکے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے ۱۹۵۰ کے لائیو اسٹاک ایکٹ کے تحت مویشیوں کے ذبیحے کے لیے انتظامی منظوری لازم ہے، جبکہ ۱۴ سال سے کم عمر کے مویشیوں کے ذبیحے پر پابندی عائد ہے۔ قانون کے مطابق اس عمل کے لیے مقامی مجاز اتھارٹی یا محکمہ حیوانات سے تحریری اجازت اور جانور کی صحت سے متعلق موزوں ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
کابینہ اجلاس میں ریاست کا نام تبدیل کرنے کا ایک اور اہم فیصلہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مغربی بنگال کا نام تبدیل کر کے ’پشچم بنگ‘ رکھنے کی تجویز ۹ دسمبر کو ریاستی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی سے منظوری ملنے کے بعد اس قرارداد کو آئینی کارروائی اور حتمی منظوری کے لیے مرکزی حکومت کے پاس بھیجا جائے گا، اور تبدیلی کے بعد انگریزی زبان میں بھی ریاست کا نام ’پشچم بنگ‘ ہی لکھا اور پڑھا جائے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کی کوششیں اس سے قبل بھی کی جا چکی ہیں۔ ۱۹۹۹ میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ جیوتی بسو کی حکومت نے ریاست کا نام ’پشچم بنگ‘ رکھنے کی تجویز پیش کی تھی۔ بعد ازاں ممتا بنرجی کی حکومت نے ۲۰۱۶ میں مختلف زبانوں کے لیے الگ الگ نام تجویز کیے اور پھر ۲۰۱۸ میں اسمبلی سے تمام زبانوں میں ریاست کا نام ’بانگلہ‘ رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی، تاہم مرکزی حکومت کی منظوری نہ ملنے کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔ اب نئی کابینہ کی منظوری کے بعد ۹ دسمبر کو اسمبلی میں پیش ہونے والی اس قرارداد پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔




