نئی دہلی: دہلی وقف بورڈ نے پیر کو دہلی ہائی کورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگرچہ سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ عوامی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، تاہم کرشی بھون کے احاطے میں واقع صدی پرانی ’قدیمی مسجد‘ کو برقرار رکھنے کے امکانات کا منظور شدہ نقشوں اور تکنیکی مواد کی بنیاد پر سنجیدگی سے جائزہ لیا جانا چاہیے۔ وقف بورڈ نے زور دے کر کہا کہ ترقیاتی منصوبے میں مسجد کے انہدام کو ناگزیر تصور کرنے کے بجائے ایسے قابلِ عمل متبادل تلاش کیے جائیں جن سے مسجد کا وجود اور اس کا مذہبی استعمال محفوظ رہ سکے۔
دہلی وقف بورڈ نے عدالت کو بتایا کہ عوامی مفاد کا تقاضا ایک ایسا منصفانہ اور متوازن نقطہ نظر ہے جو ترقیاتی ضروریات کے ساتھ ساتھ نمازیوں کی جائز مذہبی ضروریات کو بھی پورا کرے۔ واضح رہے کہ قدیمی مسجد ایک نوٹیفائیڈ وقف جائیداد ہے جو ایک صدی سے زائد (مبینہ طور پر ۱۴۹ سال سے زیادہ) پرانی بتائی جاتی ہے۔ یہ مسجد کرشی بھون کے احاطے میں واقع ہے اور کامن سینٹرل سیکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر نو کے منصوبے کے تحت اسے انہدام کے خطرے کا سامنا ہے۔
بورڈ نے اپنی بنیادی استدعا میں مسجد کے تحفظ اور برقراری کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی دستاویزی مذہبی حیثیت کو محفوظ رکھتے ہوئے بھی منصوبے کو قانونی طور پر آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وقف بورڈ کا یہ جواب مسجد کی نگراں کمیٹی کی جانب سے دائر اس عرضی پر سامنے آیا ہے جس میں حکام کو شفاف غور و خوض کے بغیر مسجد کو منہدم کرنے یا اس میں مداخلت کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ بورڈ نے پلیسز آف ورشپ (اسپیشل پروویژنز) ایکٹ ۱۹۹۱ کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی کہ محض انتظامی تعمیر نو کا نام دے کر کسی عبادت گاہ کی مذہبی حیثیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب مرکزی حکومت نے یہ مؤقف برقرار رکھا ہے کہ سرکاری دفتر کے احاطے کے اندر کسی مستقل مذہبی ڈھانچے کی موجودگی سرکاری املاک کے سیکولر کردار سے مطابقت نہیں رکھتی، لہٰذا اس منصوبے کی تکمیل کے لیے اسے ہٹایا جانا ضروری ہے۔ اس کے برعکس درخواست گزاروں نے دلیل دی ہے کہ سیکولرازم کسی بھی عبادت گاہ کے من مانے انہدام کی اجازت نہیں دیتا، اور انہوں نے مسجد کے استعمال سے متعلق ۱۹۴۵ کے ایک معاہدے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس انیش دیال نے نگراں کمیٹی کو جواب داخل کرنے کے لیے وقت دیتے ہوئے معاملے کی آئندہ سماعت جنوری کے لیے مقرر کر دی۔ عدالت نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل سے استفسار کیا کہ کیا اس معاملے میں کوئی درمیانی راستہ نکالا جا سکتا ہے، کیونکہ یہاں نماز ادا کرنے والے افراد مرکزی حکومت کے ہی ملازمین ہیں اور یہ مسجد برسوں سے یہاں قائم ہے۔ عدالت نے دہلی وقف بورڈ اور لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایل اینڈ ڈی او) کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ نمائندگیوں پر چار ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کریں۔




