ولکی (فکروخبر نیوز) جماعت المسلمین ولکی کی جانب سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے تحت ووٹر اندراج کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر نوجوانوں کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت کے ذمہ داران نے نوجوانوں کی محنت، لگن اور ذمہ داری کے احساس کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تفصیلات کے مطابق، ولکی میں نوجوانوں کی ایک منظم ٹیم نے ریکارڈ وقت میں SIR فارموں کو بھرنے، ان کی جانچ کرنے کا اہم فریضہ انجام دیا۔ اس کامیاب مرحلے کی تکمیل پر جماعت المسلمین ولکی نے ایک تعریفی پروگرام منعقد کیا، جس میں نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر جماعت کے جنرل سکریٹری سمیت دیگر ذمہ داران اور علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے اجتماعی ذمہ داری کا بہترین نمونہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے وقت سے پہلے اس اہم کام کو مکمل کرکے اپنے جذبۂ خدمت اور ملت کے تئیں احساسِ ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ نوجوان آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ ملی و سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے۔




