نئی دہلی / کاروار (فکروخبر نیوز)اترا کنڑا کے رکنِ پارلیمنٹ اور کرناٹک اسمبلی کے سابق اسپیکر وشویشور ہیگڑے کاگیری نے نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر وزیر اعظم نریندر مودی سے ایک اہم اور پروقار ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے انتخابی حلقے اتر کنڑا کی ہمہ جہت ترقی اور وہاں کے بنیادی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور ایک یادداشت پیش کی۔
ملاقات کے دوران ایم پی کاگیری نے اتر کنڑا ضلع کی منفرد خصوصیات، جغرافیائی ساخت، ساحلی خطے اور مقامی عوام کی خصوصی ضروریات سے وزیر اعظم کو تفصیل سے آراستہ کیا۔ انہوں نے حلقے میں جاری مختلف مرکزی و ریاستی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سے بھی وزیر اعظم کو باخبر کیا۔
وشویشور ہیگڑے کاگیری نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر کنڑا کی خصوصیات کو بے حد سراہا اور حلقے کی ہمہ جہت ترقی کے حوالے سے اپنے قیمتی خیالات اور ہدایات سے نوازا۔ کاگیری نے اس ملاقات کو انتہائی اہم اور سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی اتر کنڑا میں آئندہ کے ترقیاتی کاموں کو تیز رفتار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔




