کنداپور : (فکروخبرنیوز) برطانیہ کے ملازمت ویزا کا جھانسہ دے کر ایک خاندان سے 16 لاکھ روپے کا فراڈ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کنداپور پولیس اسٹیشن میں اس ضمن میں زیروایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق وڈیرہوبلی گاؤں کی رہائشی 63 سالہ خاتون سیسیلیا نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایک نجی فرم نے ان کے بیٹے سنیل کو سوشل میڈیا پر برطانیہ کے روزگار ویزے کی پیش کش کی اور دھوکہ دہی سے لاکھوں روپے وصول کر لیے۔
شکایت کے مطابق سنیل کو فیس بک پر "UK-IN-REGAL ACADEMY” نامی فرم کا اشتہار ملا، جو منگلورو کے کوڈیابیل علاقے میں واقع ہے۔ اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 90 دنوں کے اندر برطانیہ کا ویزا فراہم کیا جائے گا، بشرطیکہ 16 لاکھ روپے ادا کیے جائیں۔
فرم کے دفتر کا دورہ کرنے پر سنیل کی ملاقات سورج جوزف نامی شخص سے ہوئی جس نے ابتدائی طور پر 2 لاکھ روپے نقد اور باقی رقم اقساط میں ادا کرنے کی شرط رکھی۔ بعد ازاں اکتوبر اور دسمبر 2023 میں مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کل 16 لاکھ روپے کی رقم فرم کو منتقل کی گئی۔
ادائیگی کے بعد جب ویزا جاری نہیں کیا گیا تو سیسیلیا کے اہل خانہ نے متعدد بار فرم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ملزم کا فون مسلسل بند رہا۔ مارچ 2024 میں جب وہ دوبارہ دفتر پہنچے تو ملزم نے تحریری وعدہ کیا کہ تین ماہ میں ویزا فراہم کیا جائے گا یا چھ ماہ میں مکمل رقم واپس کر دی جائے گی۔
لیکن یہ وعدہ بھی پورا نہ ہوا۔ بعد ازاں ملزم نے اکتوبر 2024 میں سنیل کے نام 16 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا، جو دسمبر میں بینک میں جمع کرانے پر ناکافی رقم کی بنیاد پر باؤنس ہو گیا۔
شکایت کے ساتھ فراہم کردہ دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کنداپور پولیس نے بھارتیہ نیا سنہتا (BNS) کی دفعہ 316(2) اور 318(4) کے تحت مقدمہ نمبر 01/2025 درج کیا ہے۔ فی الحال معاملے کی تفتیش جاری ہے، اور پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔