بھٹکل (فکروخبر نیوز) کرناٹک کابینہ میں شامل بھٹکل کے مقامی ایم ایل اے اور وزیر مانکال ایس ویدیا کو ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی ایک اور اہم قلمدان یا اضافی ذمہ داری سونپے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اوراس نئی ذمہ داری کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ اس سیاسی پیش رفت کی خبریں سامنے آنے کے بعد ساحلی کرناٹک بالخصوص ماہی گیر برادری میں مختلف نوعیت کی توقعات وابستہ ہو گئی ہیں۔
مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مانکال ویدیا طویل عرصے سے ماہی گیر برادری اور ساحلی پٹی کے مسائل کو حکومتی سطح پر اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے، مقامی بندرگاہوں کی اصلاح اور ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ فی الحال وہ محکمہ ماہی گیری، بندرگاہ اور اندرون ملک آبی نقل و حمل کے وزیر کے طور پر مختلف ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
علاقے کے عوام اور عوامی نمائندوں کا ماننا ہے کہ ریاستی کابینہ میں مزید ذمہ داری ملنے سے ساحلی کرناٹک کے دیگر ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اسکیموں کو نافذ کرنے میں مدد ملے گی۔ مانکال ویدیا کو نئی ذمہ داری ملنے کے امکانات کی خبر عام ہوتے ہی مختلف مقامی تنظیموں، ماہی گیروں کے نمائندوں اور شہریوں نے ان سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں علاقائی سطح پر نئے ترقیاتی کام شروع ہوں گے۔




