کاروار (فکروخبر نیوز) ساحلی کرناٹک کے ضلع اتر کنڑا میں اگلے چار سے پانچ دنوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق ضلع بھر میں 30 مئی تک موسم خراب رہے گا اور وسیع پیمانے پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے عام عوام اور بالخصوص کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سمندر میں پیدا ہونے والے موسمی دباؤ اور تبدیلیوں کے باعث اتر کنڑا کے ساحلی علاقوں میں 28 مئی تک تیز رفتار ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مطلع کیا گیا ہے کہ ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس کے پیش نظر مچھیروں کو سمندر میں نہ اترنے اور گہرے پانی سے دور رہنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے ساحلی پٹی پر رہنے والے شہریوں کو بھی چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔




