منگلورو(فکروخبرنیوز) منگلورو سٹی پولیس کمشنر اور ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سدھیر کمار ریڈی نے کمشنریٹ حدود کے تجارتی اداروں کے اوقات کار پر پابندی عائد کردی ہے۔ نئے حکم کے مطابق دکانیں، ہوٹل، ریستوران، چائے کی دکانیں، پان شاپس اور دیگر تجارتی ادارے ہر روز رات 11.45 بجے سے صبح 5.30 بجے تک کاروبار نہیں کرسکیں گے۔
یہ حکم سی ایل 4، سی ایل 6 اے اور سی ایل 7 لائسنس رکھنے والے اداروں پر لاگو نہیں ہوگا، کیونکہ وہ اپنے لائسنس میں مقررہ اوقات کے مطابق کام کریں گے۔ اسپتال، میڈیکل اسٹور، ہنگامی خدمات، ضروری عوامی سہولتوں اور خصوصی اجازت رکھنے والے اداروں کو بھی استثنا دیا گیا ہے۔
پولیس کمشنر نے کہا کہ اقدام کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا، منشیات سے متعلق سرگرمیوں اور جرائم پر قابو پانا، غیر ضروری رات کے اجتماعات کو روکنا اور رہائشی علاقوں میں شور و ہنگامے سے عوام کو بچانا ہے۔




