اتر پردیش میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) مکمل ہونے کے بعد 6 جنوری کو ریاست گیر سطح پر ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس نئی فہرست میں 12 کروڑ 55 لاکھ ووٹرز کے نام شامل ہیں، جب کہ نظرثانی سے قبل ووٹرز کی تعداد 15 کروڑ سے زائد تھی۔
تین کروڑ ووٹرس کے نام حذف
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق SIR کے دوران تقریباً 2 کروڑ 88 لاکھ ووٹرس کے نام فہرست سے خارج کر دیے گئے۔ ان میں بڑی تعداد ان ووٹرس کی ہے جن کے فارم جمع نہیں ہوئے تھے یا جن کے دستاویزات میں خامیاں پائی گئیں۔ ضلعی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ شفاف اور درست ووٹر لسٹ کو یقینی بنایا جائے۔
بڑے شہروں میں سب سے زیادہ اثر
SIR رپورٹ کے مطابق ریاست کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ووٹ حذف ہوئے ہیں۔
لکھنؤ میں 12 لاکھ سے زائد ووٹرس کے نام خارج ہوئے۔
پریاگ راج میں 11 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ ووٹس حذف کیے گئے۔
کانپور میں 9 لاکھ سے زائد نام فہرست سے کاٹے گئے۔
آگرہ و غازی آباد میں تقریباً 8-8 لاکھ،
بریلی میں 7 لاکھ سے زائد اور
وارانسی، میرٹھ، جونپور، گورکھپور و گوتم بدھ نگر میں لاکھوں ووٹ حذف ہوئے ہیں۔
چیف الیکٹورل افسر کی باضابطہ پریس کانفرنس
ریاستی چیف الیکٹورل افسر نودیپ رِنوا سہ پہر پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر اس پورے عمل کی تفصیلات پیش کریں گے۔ تمام اضلاع میں ووٹر لسٹ کی جانچ اور تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ حکام کے مطابق اب یہ فہرست خامیوں سے پاک ہوگی جس سے آئندہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔
