یوٹی قادر سے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات ، کرناٹک ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے لیے کرناٹک کا انتخاب

نئی دہلی(فکروخبرنیوز) کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر فرید نے آج دہلی میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور بھارت زون کی 11ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے) کانفرنس کے لیے ریاست کرناٹک کے انتخاب پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یہ اہم کانفرنس رواں سال 9 اور 10 ستمبر کو بنگلورو میں منعقد ہوگی، جس میں ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اسمبلی اسپیکرز شرکت کریں گے۔

یو ٹی قادر نے اس ملاقات کے دوران کانفرنس کے ایجنڈے اور ممکنہ موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس بار پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر کامن ویلتھ ممالک کے اسمبلی اسپیکرز کو مدعو کرنے کی تجویز زیر غور ہے جو کانفرنس کو ایک نئی شناخت دے گی۔

انہوں نے اوم برلا کو کرناٹک اسمبلی میں حالیہ دنوں میں اپنائے گئے ترقی پسند اور اصلاحی اقدامات سے بھی آگاہ کیا، جن میں اسمبلی کی کارروائیوں میں شفافیت، ڈیجیٹل سہولیات کا استعمال، اور ارکانِ اسمبلی کی تربیت جیسے پہلو شامل ہیں۔ یو ٹی قادر نے یہ تجویز بھی رکھی کہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب 8 ستمبر کو تاریخی ودھان سودھا کی سیڑھیوں پر منعقد کی جائے، تاکہ عالمی سطح پر اسے ایک یادگار آغاز حاصل ہو۔

اس ملاقات کے موقع پر کرناٹک اسمبلی کی سکریٹری محترمہ ایم کے وشالاکشی اور لوک سبھا سکریٹریٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مرکزی حکومت کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

یہ کانفرنس نہ صرف جمہوری اداروں کے درمیان باہمی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی بلکہ ملک و بیرون ملک کے قانون ساز اداروں کو قریب لانے کی ایک مثبت کوشش بھی ثابت ہوگی۔

بھارت میں ای پاسپورٹ کا آغاز،جانئے درخواست کا آسان طریقہ

‘غیر اعلانیہ ایمرجنسی کے 11 سال‘: کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ