حج سے واپسی کے بعد اسپیکر یوٹی قادر کا بیان : سوشیل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

بنگلورو/منگلورو (فکروخبرنیوز) کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یوٹی قادر نے حج سے واپسی کے بعد اخباری بیان جاری کرتے ہوئے عوام نے امن وامان کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے جنوبی کینرا ضلع میں حالیہ دنوں پیش آئے بعض فرقہ وارانہ نوعیت کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جذبات سے نہیں بلکہ دانشمندی، ضبط اور قانون کے دائرے میں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دکشنا کنڑا ہمیشہ بھائی چارہ، بین المذاہب ہم آہنگی، اور اجتماعی ثقافت کی علامت رہا ہے، اور اس شناخت کو کسی صورت کھونے نہیں دیا جائے گا۔اسپیکر نے کہا کہ ضلع میں بعض عناصر کی جانب سے نفرت پھیلانے، جھوٹ پر مبنی پیغامات سوشل میڈیا پر پھیلانے اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یو ٹی قادر نے مزید کہا کہ "میں آپ سے صرف ایک سیاستدان یا اسپیکر کی حیثیت سے نہیں بلکہ آپ کے ایک ہمسایہ، ایک ذمہ دار شہری اور اس دھرتی سے محبت کرنے والے انسان کی حیثیت سے مخاطب ہوں۔ ہمیں مل کر اس ضلع کی فضا کو پرامن رکھنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دکشن کنڑا میں ہندو، مسلمان، عیسائی سب صدیوں سے ایک ساتھ رہتے آئے ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہوتے آئے ہیں، اور یہ باہمی رشتہ کسی سیاسی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ بیان میں انہوں نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "سوشل میڈیا نفرت، افواہوں اور اشتعال انگیزی کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ ایسے وقت میں یہ ہماری اخلاقی اور شہری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم افواہوں سے دور رہیں اور صرف مصدقہ اطلاعات پر بھروسہ کریں۔

واضح رہے کہ یوٹی قادر اپنے بھائی یوٹی فرید کے ساتھ حج کے مقدّس سفر پر روانہ ہوئے تھے۔

بٹلہ ہاؤس انہدامی کارروائی: دہلی ہائی کورٹ نے امانت اللہ خان کی عرضی مسترد کر دی

بھٹکل : سرابی ندی میں گٹر کا پانی ، اب آسار کیری کے کنویں بھی آئے لپیٹ میں : 25 سے زائد افراد ٹائیفاڈ کے شکار