ضلع اتراکنڑ کو کرناٹک پی یو سی نتائج میں 90.98 فیصد کے ساتھ ریاست بھر میں تیسرا مقام

کاروار(فکروخبرنیوز) کرناٹک سیکنڈ پی یو سی کے سالانہ نتائج 2026 میں اترا کنڑ ضلع نے اپنی تعلیمی برتری کا لوہا منواتے ہوئے ریاست بھر میں تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ضلع کا مجموعی نتیجہ 90.98 فیصد رہا، جس میں بھٹکل، سرسی، ہوناور اور کمٹہ کے طلبہ نے آرٹس، کامرس اور سائنس کے شعبوں میں ٹاپ کر کے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔

آرٹس کے شعبے میں انجمن پی یو کالج برائے خواتین بھٹکل کی طالبہ شفاء انعم نے 600 میں سے 591 نمبرات (98.50%) حاصل کر کے ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ جانوی ماستی گوڑا (کمٹہ) نے دوسری اور ساکشی ونود نائک (کاروار) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامرس کے شعبے میں ایس ڈی ایم پی یو کالج، ہوناور کی طالبہ چنمئی منجوناتھ شیٹی نے 596 نمبرات (99.33%) کے ساتھ ضلع میں ٹاپ کیا، ان کے بعد پرنب این بھٹ (سرسی) دوسرے اور سنجنا ناگپا نائک (بھٹکل) تیسرے مقام پر رہے۔ سائنس کے شعبے میں ایم ای ایس پی یو کالج، سرسی کے طالب علم چیتنیا جی ہیگڑے نے 595 نمبرات (99.16%) لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ میمونہ عجائب (بھٹکل) نے دوسری اور شرش چندر ہیگڑے (سداپور) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ضلع بھر کے تعلیمی اداروں اور ماہرینِ تعلیم نے ان شاندار نتائج پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور ان طلبہ وطالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔