اڈپی : غیر قانونی طور پر مقیم آٹھ بنگلہ دیشی گرفتار

اُڈپی : یہاں اُڈپی ضلع میں غیر قانونی طور پر مقیم آٹھ بنگلہ دیشی شہریوں کو  گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مذکورہ افراد ملپے کے قریب ہوڈ گاؤں میں گذشتہ تین سالوں سے مقیم تھے۔

اُڈپی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون کے کے مطابق، گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب ایک ملزم کی شناخت محمد مانک کے نام سے ہوئی جس نے جعلی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے منگلورو ہوائی اڈے سے دبئی فرار ہونے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ امیگریشن حکام کے شک کی وجہ سے پڑوسی جنوبی کنڑ ضلع کے باجپے ہوائی اڈے پر اس کی گرفتاری ہوئی۔ تفتیش پرمانک نے انکشاف کیا کہ سات دیگر بنگلہ دیشی شہری ہوڈے گاؤں میں غیر قانونی طور پر اس کے ساتھ مقیم تھے۔ پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد انہوں علاقہ پر چھاپہ مارکارروائی کی۔

پولیس نے جمعہ کے روز ساتوں افراد کو حراست میں لیا اور ان کے غیر قانونی قیام کے بارے میں تفصیلی تفتیش شروع کی۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ ملزم کے پاس فرضی آدھار کارڈ تھے۔

ایس پی ارون نے بتایا کہ اس بات کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے کہ ملزمان نے یہ جعلی آدھار کارڈ کیسے حاصل کیے اور وہ بنگلہ دیش سے سرحد عبور کرکے ہندوستان میں کیسے داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔

آٹھ بنگلہ دیشی شہری اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں اور توقع ہے کہ انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

(وارتا بھارتی)