طوفان فینگل کے اثر کی وجہ  سے منگلورو اور اڈپی میں موسلادھار بارش ، کئی گھروں کو پہنچا نقصان

منگلورو/اُڈپی: طوفان فینگل  کے منگلورو سے ٹکرانے کے بعد یہاں کل سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کی دوپیر سے شروع ہونے والی بارش منگل صبح تک جاری ہے۔

بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلاب کی سی صورتحال ہے۔ جس سے کوٹارا چوکی، پی وی ایس، پمپ ویل، باجوڈی، بجل انڈر پاس، اور پڈیل میں ٹریفک میں خلل پڑا۔ آئی ایم ڈی نے منگل کی صبح تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے، اس کے بعد یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ خراب حالات کی وجہ سے ماہی گیروں کو 6 دسمبر تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے اور سیاحوں کو دونوں اضلاع کے ساحلوں پر جانے سے منع کیا گیا ہے۔

اُلال میں سمندرمیں طغیانی دیکھی گئی جس سے نارنگانہ میں دیپاوتی پراوین کی ملکیت والے مکان کو نقصان پہنچا۔ رانٹاڈکا میں جمیلہ کی ملکیت میں ایک اور مکان بولیار میں اس کے ساتھ ہی ایک پہاڑی کے گرنے کے بعد خطرے میں ہے۔ ؤ

منگل کی صبح تقریباً 3:30 بجے فلنیر میں ایک مکان کا کمپاؤنڈ منہدم ہوگیا۔ واقعہ کے بعد گھر کے ایک بزرگ رہائشی کو بحفاظت رشتہ دار کے گھر منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پورا کمپاؤنڈ تباہ ہو گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اڈوپی میں بیندور، کندا پور، ہلادی، ہیبری، کارکالا، کوٹا، سالیگراما، اپپور، برہماور، ہیریاڈکا، کاپ، کڈپاڈی، پڈوبیدری، اور مچکل علاقوں میں بھاری بارش کی اطلاع ہے۔ گرج چمک کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ آئی ایم ڈی نے آنے والے دنوں میں مزید بارش کے امکانات کا اظہار کیا ہے۔