واشنگٹن/لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان جنگ میں برطانوی فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کے فوجی "تمام جنگجوؤں میں سب سے عظیم” تھے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایک دن قبل ہی نیٹو اتحادیوں کے بارے میں ان کے ریمارکس پر برطانیہ میں شدید برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔
ہفتے کی شام سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کے عظیم اور بے حد بہادر فوجی ہمیشہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ یہ ایک مضبوط رشتہ ہے جسے کبھی توڑا نہیں جاسکتا۔ برطانوی فوج اپنے دل اور حوصلے کے ساتھ کسی سے پیچھے نہیں — امریکہ کے علاوہ!”
ٹرمپ کے یہ تازہ بیانات ان کے سابقہ تبصروں کے برعکس سمجھے جا رہے ہیں، جن میں انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ نیٹو اتحادی افواج افغانستان میں "فرنٹ لائنز سے قدرے پیچھے” رہیں۔ ان بیانات پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے انہیں "توہین آمیز اور واضح طور پر ناقابلِ قبول” قرار دیا تھا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق وزیر اعظم اسٹارمر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہفتے کے روز ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں افغانستان میں شانہ بشانہ لڑنے والے برطانوی اور امریکی فوجیوں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے برطانیہ–امریکہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور یوکرین میں جنگ بندی کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
