بھٹکل (فکروخبر نیوز) ابنائے جامعہ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی جانب سے اساتذہ کے لیے ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد آج مکتب جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں کیا گیا۔ یہ نشست رات ساڑھے آٹھ بجے منعقد ہوئی، جس میں ماہرِ تعلیم و نفسیات، ٹیچرز ٹرینر اور اولیو ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے بانی جناب غفران صاحب نے تعلیم و تربیت کے مختلف پہلوؤں پر مفصل روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ استاد صرف پڑھانے والا نہیں، بلکہ طالب علم کے اخلاق، کردار اور سوچ کو سنوارنے والا ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا شعور ہونا چاہیے، کیونکہ ان کے رویّے، تدریسی انداز اور کردار سے ہی ایک بہتر معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
جناب غفران صاحب نے جدید تدریسی طریقوں، طلبہ کی نفسیات کو سمجھنے، اور کلاس روم مینجمنٹ کے مؤثر اصولوں پر بھی رہنمائی دی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی توجہ مبذول کرانا اور اس کے لیے مختلف طریقے استعمال کرنے چاہیے۔ اسی طرح بچوں کے ساتھ بچوں کی طرح پیش آنا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ اس بات پر زور دینا چاہیے کہ بچوں کے مزاج کو سمجھ کر کمزور بچوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ اس بات کو ہمیشہ مد نظر رکھنا چاہیے کہ پرانے طرز تعلیم کے بجائے ایسے طریقہ تعلیم اختیار کریں جن میں آپ بھی بولیں اور آپ کے اعضاء و جوارح بھی بولیں۔
ابنائے جامعہ کے شعبہ تحقیق و تصنیف کے کنوینر مولانا فواز منصوری ندوی نے حاضرین کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام اساتذہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہیں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی اس پروگرام میں پیش کردہ باتوں پر توجہ دی جائے گی اور بہتر سے بہتر انداز میں طلبہ کے تعلیم و تربیت کی فکر کی جائے گی۔
اس موقع پر ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا طلحہ رکن الدین ندوی ، صدر ابنائے جامعہ مولانا رحمت اللہ ندوی اور دیگر موجود تھے۔




