سمندری طوفان ملٹن فلوریڈا سے ٹکرا گیا، لاکھوں افراد بجلی سے محروم،ہزاروں پروازیں منسوخ

(فکروخبر/ذرائع)سمندری طوفان ملٹن امریکا کی ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، جس کے سبب 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے لگیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدی کے خوفناک طوفان کے باعث تقریباً 6 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق فلوریڈا میں دو ہزار پروازیں منسوخ کردی گئیں، 72 لاکھ افراد کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹمپا بے اور جنوبی حصے کا سمندری طوفان کے خطرات سے دوچار ہونے کا قوی امکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، ساحلی علاقوں کے لوگ محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔ بائیڈن نے ممکنہ متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل طوفان ہیلین فلوریڈا سے ٹکرایا تھا جس سے جنوبی ریاستوں میں تقریباً 250 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔