حیدرآباد: حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے جمعہ سے تلنگانہ کے چند اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی ہےگزشتہ چند دنوں سے تلنگانہ میں شدید گرمی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔
صبح سے ہی دھوپ کی شدت اتنی زیادہ ہو رہی ہے کہ لوگ بے حال ہو رہے ہیں۔ پچھلے سال کے مقابلے اس سال درجہ حرارت کافی زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جاریہ سال فروری کے مہینے سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔ خاص طور پر عادل آباد میں اعظم ترین درجہ حرارت41 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔
شدید گرمی کے ساتھ تیز لو چلنے کی وجہ سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں لو کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 مارچ سے ریاست کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال اور جگتیال میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔