منگلورو، 26 جون (فکروخبرنیوز) دکشینا کنڑ کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق ایک بڑے گھوٹالے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں لگژری کار مالکان نے مبینہ طور پر افسران کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے روڈ ٹیکس کی چوری کی۔
یہ گھوٹالہ اس وقت سامنے آیا جب میسور میں لگژری گاڑیوں کے معائنے کے دوران ایک مہنگی مرسڈیز بینز AMG G63 ماڈل کی کار کو ضبط کیا گیا۔ اس گاڑی کی قیمت تقریباً 2.5 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ جانچ میں سامنے آیا کہ اگرچہ کار کے انجن اور چیسس نمبر حقیقی تھے، لیکن ماڈل نمبر کو دانستہ طور پر تبدیل کیا گیا تھا تاکہ کم قیمت ظاہر کی جا سکے اور روڈ ٹیکس بچایا جا سکے۔
یہ کار 2017 میں بنگلورو کے ایک شوروم سے منگلورو کے رہائشی نہال احمد نے خریدی تھی، جو آٹھ سال تک اسے صرف عارضی رجسٹریشن پر چلاتے رہے۔ 2025 میں گاڑی کو نیرج شرما نامی شخص کے ہاتھ فروخت کیا گیا، مگر اس دوران بھی انجن اور چیسس نمبر تو وہی رہے البتہ ماڈل نمبر AMG G63 کے بجائے مرسڈیز GLA 200 کے طور پر درج کیا گیا، جس کی قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے۔ اس جعلسازی کے ذریعے 20 تا 22 لاکھ روپے کے بجائے صرف 5 تا 6 لاکھ روپے روڈ ٹیکس ادا کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام دھوکہ دہی منگلورو ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے بعض عہدیداروں کی مدد سے انجام دی گئی، جنہوں نے سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی کرتے ہوئے گاڑی کا ماڈل جان بوجھ کر تبدیل کیا۔
گاڑی کے ضبط ہونے کے بعد اس کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے، اور شیموگہ ٹرانسپورٹ جوائنٹ کمشنر کی ہدایت پر باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔