بھٹکل (فکروخبرنیوز) شہر کے مدینہ کالونی تینگن گنڈی کراس اہم شاہراہ سے متصل سڑک کی خستہ حالی ناقابلِ بیان ہوگئی تھی۔ ہیبلے پنچایت رکن سید علی کی طرف سے سی ایم او کو ٹویٹ کرنے کے بعد اسی روز افسران حرکت میں آگیے اور فوری طور پر کام شروع ہوگیا لیکن پھر اچانک کام رک گیا جس کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بند نالیوں کے اوپری حصہ کو کھولنےکے بعد وہاں سے گذرنے واالے بدبو سے بھی پریشان ہوگیے لیکن اس کے باوجود بھی کسی بھی طرح کی پیش رفت نہ ہوسکی۔ گذشتہ روز سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم وھاٹس ایپ پر سڑک کی خستہ حالی کو لے کر ایک اور ویڈیو ایک شخص نے جاری کی جس میں انہوں نے مقامی ایم ایل اے کی توجہ اس طرف مبذول کراتے ہوئے سڑک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کی ، انہوں نے حادثات کا بھی حوالہ دیا اور عوام کو ہورہی پریشانیوں کا تفصیل سے تذکرہ کرتے ہوئے جلد ازجلد اس کی مرمت کا مطالبہ کیا۔
یہاں سے گذرنے والوں کے لیے ایک خوشخبری یہ ہے کہ اب اس کی مرمت کا کام شروع ہوگیا ہے اور اہم شاہراہ سے متصل مدینہ کالونی فرسٹ کراس تک کے پورے حصہ کی کھدائی کرنے کے بعد وہاں سے کیچڑ اور غیر ضروری مٹی ہٹانے کے بعد از سرِ نو کام شروع ہوگیا ہے، امید کی جارہی ہے کہ یہ کام جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ اس کے بعد عوام اسی سڑک سے آگے بڑھنے کے بعد ڈاکٹر نعمان کی کلنک کے بالمقابل والی سڑک کی بھی مرمت کا مطالبہ کررہی ہے۔ جس کی صورتحال بھی بیان سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ اس سڑک کی اہمیت کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گذرتی ہیں ، اسی سڑک سے آگے بڑھنے کے بعد مدارس ، اسکولز ، کالجز اور دیگر ادارے واقع ہیں ، جامعہ آباد ، ہیبلے اور تینگن گنڈی بندرگاہ وغیرہ جانے کے لیے اسی سڑک کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان وجوہات کی وجہ سے اس سڑک کی مرمت کا پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا۔




