ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کے انتقال پر ملک کے مشہور علماء، دانشوران اور سیاسی لیڈران کی طرف سے گہرے دُکھ کا اظہار

بھٹکل : شہر کی مشہور ومعروف شخصیت ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کے انتقال پر ملک کے مشہور علماء ، دانشوران اور سیاسی لیڈران نے اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیاہے اور اہلِ خانہ کی خدمت میں تعزیتِ مسنونہ پیش کی ہے۔
ملک کے معروف عالمِ دین مولانا سید سلمان حسینی ندوی نے اپنے تعزیتی کلمات میں ان کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جناب سید خلیل صاحب کی شخصیت صرف بھٹکل کے لیے نہیں بلکہ دور دراز کے علاقے والوں کے لیے بڑی محترم تھی۔مولانا نے کہا کہ وہ بڑے کریم النفس تھے اور جن صفات سے وہ متصف تھے ایسی شخصیات اس بات کی مستحق ہوتی ہیں کہ ان کے لیے ایصالِ ثواب کیا جائے اور ان کے لیے دعا کی جائے ۔


آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ جناب اسد الدین اویسی صاحب نے ٹویٹ کرکے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ میری تعزیت ایس ایم سید خلیل صاحب کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، جنہیں محبت سے خلیل بھاؤ کہا جاتا تھا۔ وہ نوائط کمیونٹی کی ایک عظیم شخصیت تھے، کئی سماجی تنظیموں کی قیادت کی اور بے شمار غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد
کی۔ بھٹکل کے عوام کے لیے یہ ایک بڑا نقصان ہے۔ خلیل بھاؤ، ہم آپ کو بہت یاد کریں گے۔

سید خلیل الرحمن ایس ایم کی وفات پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلمنٹ اسدالدین اویسی نے کی اظہار تعزیت

قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے ان کے سانحہ ارتحال پر کہا کہ اگر دنیا میں کوئی اچھا کام کرکے چلا جاتا ہےتودنیا تادیر اسے یاد رکھتی ہے ، مولانا نے ان کی موت کو شہر بھٹکل کے لئے عظیم خسارہ قراردیتے ہوئے کہا کہ موصوف میں بہت سی خوبیاں تھی جنہیں ہمیں اپنی عملی ذندگی میں اپنانا چاہئے۔
مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے ان کے محاسن کو گناتے ہوئے کہا کہ جناب سید خیل صاحب کا حادثہ صرف قوم کا حادثہ نہیں بلکہ پوری ملت ، انسانیت اور ملک کے حادثہ قرار دیا۔ ان کی خدمت کا دائرہ تعلیمی ، سماجی اور تحقیقی کاموں میں ملکی سطح تک محدود نہیں تھا بلکہ عالمی سطح تک پھیلا ہوا تھا۔ مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ، ندوۃ العلماء لکھنو ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل، جامعۃ الصالحات بھٹکل اور علی پبلک اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ان کے علاوہ دی فائنانس 360 ، ایس ڈی پی آئی کرناٹک اور بھٹکل کے مرکزی اداروں سمیت مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل ، انجمن حامی ملسمین بھٹکل اور شہر کے مختلف اداروں کے جانب سے ان کی موت کو عظیم خسارہ قرار دیا گیا ہے۔
فکروخبر بھٹکل بھی ڈاکٹر سید خلیل الرحمن صاحب کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے اور ان کی موت پر ان کے اہلِ خانہ کے غم میں ادارہ برابر کا شریک ہے۔