6 سال نو ماہ سے قید عمر خالد اور شرجیل امام کو ملے گی راحت؟ سپریم کورٹ میں کل اہم سماعت

نئی دہلی: سپریم کورٹ شمال مشرقی دہلی میں فروری 2020 کے فسادات سے جڑے مبینہ بڑی سازش کے مقدمے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت قید سماجی کارکن عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستوں پر بدھ کو سماعت کرے گا۔ ان درخواستوں میں دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت دونوں کی ضمانت مسترد کر دی گئی تھی۔

عدالت عظمیٰ کی کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جویمالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل سہ رکنی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ استغاثہ اب تک محفوظ گواہوں کی جانچ مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ایک سال کی مہلت بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔

عمر خالد نے اپنی درخواست میں محفوظ گواہوں پر جرح نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد انہیں مزید جیل میں رکھنا آئین ہند کے آرٹیکل 21 کے تحت حاصل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ دوسری جانب شرجیل امام نے اپنی عرضی میں نشاندہی کی ہے کہ اس مقدمے کی چارج شیٹ 25 ستمبر 2020 کو داخل کی گئی تھی جس میں 18 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق استغاثہ نے 900 سے زائد گواہوں کی فہرست پیش کی ہے جن میں 47 محفوظ گواہ شامل ہیں، تاہم زیر سماعت قیدی کے طور پر چھ سال اور نو ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک ایک بھی گواہ پر جرح مکمل نہیں ہو سکی ہے۔

اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے 30 ستمبر کو عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے عدالتی نظم و ضبط کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم میں تبدیلی نہیں کر سکتا، جس میں دونوں ملزمان کو محفوظ گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے یا ایک سال کا عرصہ گزرنے کے بعد، جو بھی پہلے ہو، ضمانت کے لیے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

دونوں درخواست گزاروں نے ٹرائل کورٹ کے 4 جولائی کے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں ان کی ضمانت کی درخواستیں تیسری بار مسترد کی گئی تھیں۔ ٹرائل کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم کی پابندی کے پیش نظر وہ فی الحال درخواستوں پر غور نہیں کر سکتی۔

فروری 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ خالد اور امام اس مبینہ سازش کے مرکزی کرداروں میں شامل تھے۔ 2 ستمبر 2025 کو ہائی کورٹ کے ایک ڈویژن بنچ نے دونوں کی ضمانت مسترد کی تھی، جسے سپریم کورٹ کی جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریا پر مشتمل بنچ نے 5 جنوری کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا تھا کہ ان کے خلاف پہلی نظر میں مقدمہ بنتا ہے۔ تاہم اسی حکم میں عدالت عظمیٰ نے شریک ملزمان گلفشہ فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمان، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو ضمانت دے دی تھی۔

بعد ازاں 22 مئی کو سپریم کورٹ نے دو دیگر شریک ملزمان عبدالخالد سیفی اور تسلیم احمد کو چھ ماہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے یو اے پی اے کی سخت شرائط کے تحت زیر سماعت قیدیوں کی طویل قید کے قانونی پہلو کا جائزہ لینے کے لیے معاملہ ایک بڑی بنچ کے سپرد کر دیا تھا۔ بدھ کو ہونے والی سماعت میں اب اس بات پر توجہ مرکوز رہے گی کہ آیا عدالت عظمیٰ طویل قید اور مقدمے کی سست رفتار کارروائی کے پیش نظر دونوں درخواست گزاروں کو کوئی عبوری یا مستقل راحت فراہم کرتی ہے یا نہیں۔

شیئر کریں۔