عاشوراء کے معنی ہیں ’’دسواں‘‘۔اس سے مراد محرم الحرام کا دسواں دن ہے۔محرم الحرام قمری سال کا پہلا مہینہ ہے ۔عربوں میں قمری سال کا آغاز اسی مہینہ سے ہوتا تھا۔حضرت عمرؓ نے اپنے دور خلافت میں بہت سے نئے اور نمایاں کام انجام دیے۔آپ کا ایک نمایاں کام یہ ہے کہ آپ نے اسلامی سال کا آغاز کیااور اس کے لیے واقعہ ہجرت کو بنیاد بنایا۔کیوں کہ واقعہ ہجرت اسلامی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے چنانچہ واقعہ ہجرت والے سال کو پہلا سن ہجری قراردیا گیا ۔اس ہجری سال کا آغاز بھی محرم الحرام کے مہینے سے کیا گیا۔ محرم کے معنی ہیں ’’قابل احترام‘‘اور حرام کے معنی ہیں ’’حرمت والا‘‘۔یعنی وہ مہینہ جو حرمت والا ہے اور اس کی سب کو عزت کرنا چاہئے۔عربوں میں چار مہینے حرمت والے سمجھے جاتے تھے ۔زنامہ جاہلیت میں ان مہینوں میں جنگ نہیں کی جا سکتی تھی ۔دو قبائل میں جنگ ہوتی اور حرمت والا مہینہ آجاتا تو دونوں فریق اس کے احترام میں جنگ روک دیتے ۔ان میںتین مہینے لگاتار ہیں ۔ذی قعدہ ،ذی الحجہ اور محرم ، ذی الحجہ میں حج کیا جاتا ہے اس سے پہلے ایک مہینہ ذی قعدہ حرمت والا ہے تاکہ لوگ امن و سکون کے ساتھ حج کے لیے آسکیں ،دوسرا مہینہ ذی الحجہ ہے تاکہ لوگ اس میں آسانی کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں ۔اس کے بعد تیسرا مہینہ محرم الحرام کا ہے تاکہ لوگ بخیریت اپنے واطن کو واپس ہوسکیں ۔حرمت والا چوتھا مہینہ رجب کا ہے جو سال کے درمیان میں پڑتا ہے تاکہ لوگ درمیان سال میں بھی لڑائی جھگڑے سے دور رہ کر امن و سلامتی اور اطمینان کے ساتھ رہ سکیں ۔ان چار مہینوں میں اعمال صالحہ کا ثواب زیادہوجاتا ہے اور گناہ کا وبال بھی زیادہ ہوتا ہے ۔(تفسیر ابن کثیر )اسلام نے بھی ان چار مہینوں کی حرمت کو باقی رکھا۔ مختصر یہ کہ محرم الحرام کا مہینہ زمانہ قدیم سے قابل احترام رہا ہے ۔قرآن مجید میں حرمت والے مہینوں کے بارے میں اللہ کا ارشاد ہے ۔ ’’اِنَّ عِدَّۃَ الشُّہُوْرِ عِنْدَ اللّٰہِ اثْنَا عَشَرَ شَہْرًا فِیْ کِتَابِ اللّٰہِ یَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضَ مِنْہَآ اَرْبَعَۃٌ حُرُمٌ ذٰلِکَ الدِّیْنُ الْقَیِّمُ فَلَا تَظْلِمُوْا فِیہِنَّ اَنْفُسَکُمْ (توبہ36) ترجمہ :’’ اللہ کی کتاب میں جس دن سے اللہ نے زمین اور آسمان پیدا کیے بے شک اللہ کے ہاں مہینوں کی گنتی بارہ مہینے ہیں، ان میں سے چار عزت والے ہیں، یہی سیدھا دین ہے، سو ان میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو۔‘‘ نبی اکرم ﷺ جب ہجرت کرکے مدینہ تشریف لائے تو آپ ؐنے دیکھا کہ یہود دسویں محرم الحرام کو روزہ رکھتے ہیں ۔آپ ؐ نے ان سے وجہ دریافت کی تو انھوں نے بتایا کہ اس دن حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کو فرعون سے نجات ملی تھی جب کہ فرعون غرقاب ہوگیا تھا ۔آپ ﷺ نے فرمایا کہ موسیٰ کے بارے میں تو ہم زیادہ حق دار ہیں،چنانچہ آپ ؐنے خود بھی دسویں محرم کو روزہ رکھا اور صحابہ کرام کو بھی حکم دیا ۔ائمہ کہتے ہیں ہیں کہ یہ حکم وجوبی تھا۔اگلے سال جب رمضان کے روزے فرض کیے گئے تو اس کے وجوب کا حکم منسوخ ہوگیا۔البتہ آپ ؐ اور صحابہ اکرام استحباباً دسویں محرم کا روزہ رکھتے رہے ۔آپ نے اپنی زندگی کے آخری سال ارشاد فرمایا:’’اگر میں زندہ رہا تو اگلے سال نویں محرم کا بھی روزہ رکھوں گا۔‘‘مگر آپ اگلے محرم تک بقید حیات نہ رہ سکے۔ البتہ صحابہ کرام اور سلف صالحین نویں اور دسویں محرم کا مستحب روزہ رکھتے رہے ہیں اگر کوئی نویں محرم کو روزہ نہ رکھ سکے تو وہ دسویں اور گیارہویں محرم کو روزہ رکھے تاکہ یہود سے امتیاز باقی رہے ۔حضرت عبداللہ بن عباس روایت کرتے ہیںکہ آنحضور ؐ نے ارشاد فرمایا:’’میں آئندہ سال عاشوراء کے ساتھ نویں تاریخ کا بھی روزہ رکھوں گا مگر اس سے پہلے ہی آپ دنیا سے رخصت ہوگئے۔‘‘ (مسلم )لیکن جب تک حضور اکرم ﷺ دنیا میں رہے اس روزہ کا اہتمام کرتے رہے ۔حضرت عبداللہ بن عباس ؓ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ کو جس قدر اہتمام کے ساتھ رمضان اور عاشوراء کے روزے کا اہتمام فرماتے دیکھااس قدر کسی دوسری فضیلت والے دن کے روزہ کا اہتمام کرتے نہیں دیکھا (بخاری) حضرت ابو ہریرہ ؓروایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ ماہ رمضان کے بعد سب سے افضل روزہ اللہ کے مہینہ محرم کا روزہ سے ‘‘(ترمذی ‘‘اس حدیث میں محرم کو اللہ کا مہینہ کہا گیا ہے ۔یوں تو سب مہینے اللہ کے بنائے ہوئے ہیں مگر محرم کے مہینہ کو اللہ کا مہینہ کہا گیا ہے ۔جس سے اس مہینے کی حرمت و عظمت کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ مندرجہ بالا تصریحات سے معلوم ہوا کہ محرم الحرام کو چار وجوہ سے فضیلت حاصل ہے ۔ (۱) پہلی وجہ تو یہ ہے کہ احادیث میں اس ماہ کی فضیلت وارد ہوئی ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی شخص نے سوال کیا کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد کون سے مہینہ کے میں روزے رکھوں؟ تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ یہی سوال ایک دفعہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیا تھا، اور میں آپ کے پاس بیٹھا تھا، تو آپ نے جواب دیا تھا کہ: انْ کُنْتَ صَائِمًا بَعْدَ شَھْرِ رَمَضَانَ فَصُمِ الْمُحَرَّمَ فانَّہٗ شَھْرُ اللٰہِ فِیْہِ یَوْمٌ تَابَ اللہُ فِیْہِ عَلٰی قَوْمٍ وَیَتُوْبُ فِیْہِ عَلٰی قَوْمٍ آخَرِیْنَ · (ترمذی) یعنی ماہ رمضان کے بعد اگر تم کو روزہ رکھنا ہے تو ماہِ محرم میں رکھو، کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ (کی خاص رحمت) کا مہینہ ہے، اس میں ایک ایسا دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور آئندہ بھی ایک قوم کی توبہ اس دن قبول فرمائے گا۔ (۲) احادیث میں اس مہینہ کو ’’شھرُ اللہ‘‘ کہا گیاہے یعنی اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں کا مہینہ ہے تو اس ماہ کی اضافت اللہ کی طرف کرنے سے اس کی خصوصی عظمت وفضیلت ثابت ہوئی۔ (۳) تیسری وجہ یہ ہے کہ یہ مہینہ ’’اشھر حرم‘‘ یعنی ان چار مہینوں میں سے ہے کہ جن کو دوسرے مہینوں پر ایک خاص مقام حاصل ہے۔ (۴) چوتھی وجہ یہ کہ اسلامی سال کی ابتداء اسی مہینے سے ہوتی ہے؛ چنانچہ امام غزالیؒ لکھتے ہیں کہ ’’ماہِ محرم میں روزوں کی فضیلت کی وجہ یہ ہے کہ اس مہینے سے سال کا آغاز ہوتا ہے؛ اس لیے اسے نیکیوں سے معمور کرنا چاہیے، اور خداوند قدوس سے یہ توقع رکھنی چاہیے کہ وہ ان روزوں کی برکت پورے سال رکھے گا۔‘‘ (احیاء العلوم ) ؑٓاگر انسان ایمان و احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھتا ہے تو یہ روزے پوری زندگی کے گناہوںکاکفارہ بن جاتے ہیں۔احادیث کے مطابق یو م عرفہ کا روزہ دو سال کے لیے کفارہ ہے اور یوم عاشوراء کا روزہ ایک سال کے لیے کفارہ ہے ۔ حضرت ابو قتادہ بیان کرتے ہیں کہ آنحضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:۔’’اللہ کی ذات سے پوری امید ہے کہ عاشوراء کا روزہ رکھنے کی وجہ سے وہ پچھلے ایک سال کے گناہ معاف فرمادے گا۔‘‘(مسلم ) یوم عاشورہ کی فضیلت کا تقاضا یہی ہے کہ اس دن روزہ رکھا جائے اور اللہ کی عبادت کی جائے ۔اس کے علاوہ یوم عاشوراء کے سلسلے میں بہت سی باتیں کہی جاتی ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں ۔کسی صحیح حدیث سے ان کا ثبوت نہیں ملتا۔مثلاً: یوم عاشوراء کے دن حضرت آدم ؑ کی دعا قبو ل ہوئی اسی دن حضرت نوح ؑ کی کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری حضرت یونسؑ کو مچھلی کے پیٹ سے نجات ملی ۔حضرت ابراہیم ؑ کے لیے آگ گلزار ہوگئی ۔حضرت ایوب ؑ کو صحت ملی ۔حضرت یعقوب ؑ کی حضرت یوسف ؑ سے ملاقات ہوئی ۔اسی دن حضرت عیسی ؑ کو آسمان پر اٹھایا گیا۔قیامت بھی دس محرم کو آئے گی حالانکہ قیامت کے بارے میں صرف اتنی بات احادیث میں کہی گئی کہ قیامت جمعہ کے دن آئے گی ۔ بعض احادیث میں آتا ہے کہ جو شخص عاشوراء کے دن اپنے اہل و عیال پر خوان کو کشاد کرے گا،اللہ تعالیٰ پورے سال اس کو کشادگی عطا فرمائے گا۔اس مفہوم کی حدیث کو طبرانی ،بیہقی اور ابو شیخ نے حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت کیا ہے مگر کہا ہے کہ ان سب کی اسناد ضعیف ہیں۔مگر بہت ساری ضعیف احادیث ملکر کسی درجہ قوی ہوجاتی ہیں ۔اس لیے بعض علماء و ائمہ کا کہنا ہے کہ عاشوراء کے دن اعزہ ،اقرباء پر خرچ کرنا پسندیدہ و مستحب ہے ویسے بھی انفاق کی عمومی فضیلت ہے ۔ عاشوراء کی فضیلت و احترام کا واقعہ کربلا سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔بعض لوگ عاشوراء کے روزے کو حسینی روزہ کہتے ہیں ۔یہ ان کی کم علمی اور نادانی ہے ۔کربلا کا واقعہ اسلامی تاریخ کا بدترین باب ہے اس دن نواسہ رسول کی مظلومانہ شہادت کا واقعہ پیش آیا تھا۔ہمیں اپنی تاریخ کے طور پر اس واقعہ کی تفصیلات کاعلم ہونا چاہئے اور یہ جاننا چاہے کہ سیدنا حسین ؓ کی شہادت کیوں ہوئی ؟لیکن اس دن تعزیہ بنانا ،سینہ کوبی کرنا،وغیرہ درست نہیں ۔دین کی تکمیل نبی اکرم ﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں فرمادی تھی ۔اس لیے دین میں کوئی تعبدی عمل داخل نہیں کیا جاسکتا ۔حضرت حسین ؓ کی شہادت کا غم منانا ،سوگ کرنا ،کالے کپڑے اس کی شریعت میں کوئی گنجائش نہیں ہے بلکہ اس پیغام کو سمجھنا چاہئے جس کے لیے حضرت حسین ؓ نے اپنی جان کا نذرنہ پیش کیا۔اول تو کسی شہید کا غم نہیں کیا جانا چاہئے ور دوسرے یہ کہ اسلام میں کسی میت کا سوگ صرف تین دن تک منانے کا حکم ہے ۔
فیس بک پر شیئر کریںٹویٹر پر شیئر کریں۔واٹس ایپ پر شیئر کریں۔ٹیلیگرام پر شیئر کریں۔
جواب دیں