بنگلورو(فکروخبرنیوز) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے سال 2025-26 کے ریاستی بجٹ کی تیاری شروع کر دی ہے اور وہ جمعرات سے شروع ہونے والے 5 دنوں تک وزراء اور مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ ابتدائی میٹنگیں کریں گے۔
کنڑا پربھا میں شائع خبر کے مطابق سدارامیا جمعرات کو 13 محکموں کے وزراء اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے، اس کے بعد جمعہ، ہفتہ، پیر اور اگلے جمعرات کو مزید محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگیں ہوں گی۔
پری بجٹ میٹنگز ریس کورس روڈ پر کرناٹک پاور کارپوریشن لمیٹڈ (KPCL) کے دفتر کی عمارت میں ہوں گی۔ 30 منٹ کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ اور محکمہ خزانہ کے افسران محکمہ کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیں گے۔
اپنا ریکارڈ 16واں بجٹ پیش کرنے والے سدارامیا کو ترقیاتی کاموں کو بڑھانے کے چیلنج کا سامنا ہے۔
اپوزیشن بی جے پی اور جے ڈی ایس نے حکومت پر پانچ گارنٹی اسکیموں کو جاری رکھ کر ترقی کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے اور کانگریس کے کئی ایم ایل اے پہلے ہی اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے کافی رقم نہ ملنے پر عدم اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں۔ وزیر داخلہ جی پرمیشورا ا نے حال ہی میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کی میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ اسمبلی حلقوں میں کاموں کے لیے 10 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔