سدرامیا کو کرناٹک کے سب سے طویل مدت تک خدمات انجام دینے والے وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے منگل کے روز کرناٹک کی تاریخ میں سب سے زیادہ مدت تک خدمت انجام دینے والے وزیراعلیٰ بننے کا ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے سابق وزیراعلیٰ دیوراج اُرس کے 7 سال 239 دن کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سدارامیا نے اس کامیابی کو ’’محض ایک اتفاق‘‘ قرار دیتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنی اصل کامیابی بتایا۔

منگل کے روز سدارامیا نے 7 سال اور 240 دن پورے کر کے کرناٹک کے سب سے طویل عرصہ حکومت کرنے والے وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ دیوراج اُرس کے 7 سال اور 239 دن کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سدارامیا اور دیوراج اُرس — دونوں میسورو ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں ہی کانگریس پارٹی سے دو مرتبہ وزیراعلیٰ بنے۔ دیوراج اُرس نے ہنسور اسمبلی سے انتخاب لڑا جبکہ سدارامیا اس وقت ورونا اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ وہ عوام کی طویل عرصہ تک خدمت کرنے پر مطمئن ہیں۔ وزارتِ اعلیٰ کے باقی مدت کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی ہائی کمانڈ کے فیصلے کے پابند ہیں مگر انہیں پورا یقین ہے کہ وہ اپنی میعاد مکمل کریں گے۔

اپنے سیاسی سفر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ ان کی خواہش صرف ایم ایل اے بننے کی تھی لیکن انہیں مختلف مواقع ملے — پہلے ایم ایل اے، پھر وزیر، ڈپٹی چیف منسٹر، حزبِ مخالف کے رہنما اور بالآخر وزیراعلیٰ بننے کا سفر طے کیا

انہوں نے کہا کہ ’’سماجی عدم مساوات آج بھی موجود ہے‘‘ اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی سماجی انصاف کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام کی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھیں گے۔