شمالی ہند میں برفباری اور سردہواؤں سے ٹھنڈ میں اضافہ

پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے شمالی ہند میں سرد لہر نے اپنے تیور دکھانے شروع کر دیے ہیں۔ سرد ہواؤں کی وجہ سے دہلی، یوپی، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ٹھنڈ میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گھنا کہرا بھی دیکھنے کو ملے گا۔ اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں درجہ حرارت 3 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ وہیں راجدھانی دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت بھی ہفتہ کو 4 ڈگری درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی سرد لہر کا قہر جاری رہے گا۔ پہاڑوں پر برفباری میں مزید اضافہ ہوگا جس سے پارہ مزید نیچے جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں ہلکی سے درمانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانکاری کے مطابق ہریانہ اور پنجاب کے کئی حصوں میں اتوار کو بھی سرد لہر جاری رہے گی۔ فرید کوٹ میں درجہ حرارت ایک ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو پنجاب میں سب سے ٹھںڈا مقام رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے پٹھان کوٹ میں کم سے کم درجہ حرارت 2 اعشاریہ 3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جبکہ گرداس پور میں 2 اعشاریہ 8 ڈگری اور بھٹنڈا میں 3 اعشاریہ 4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

وہیں جنوبی ہند کی ریاستوں آندھرا پردیش، کیرالہ، تمل ناڈو اور انڈمان نکوبار کے کچھ حصوں میں ہلکی اور درمانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جنوب کے زیادہ تر حصوں میں موسم صاف رہے گا۔ لکشدیپ میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ میدانی علاقوں میں بھی بوندا باندی کے امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ جنوب کی ریاستوں میں دودو گردابی طوفان دستک دے سکتی ہے۔ ایسے میں بارش ہونے کا زیادہ امکان ہے۔ وہیں مغربی-شمالی ہند میں 12 کلومیٹر کی اونچائی پر ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور ویسٹرن ڈسٹربینس بھی فعال ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ کے آس پاس درمیانی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔