بنگلہ دیش : شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو عدالت نے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو بنگلادیش کی عدالت نے شیخ حسینہ واجد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں، جو اگست میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد اقتدار سے الگ ہوکر فرار ہوگئیں تھیں

بنگلادیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر اسلام نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو گرفتار کرنے اور 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

تاج الاسلام نے کہا کہ شیخ حسینہ نے جولائی سے اگست کے دوران قتل عام، قتل و غارت اور انسانیت کے خلاف جرائم کرنے والوں کی سرپرستی کی، عدالت نے حسینہ واجد کی عوامی لیگ پارٹی کے مفرور سابق جنرل سیکریٹری عبیدالقادر کے ساتھ ساتھ 44 دیگر کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔