ہوناور (فکروخبرنیوز) شراوتی تعلیمی ایوارڈ کے تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب 27 جولائی بروز اتواراتحاد پبلک اسکول ولکی کے فنکشن ہال میں منعقد کی گئی ۔ جس میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے تقریباً 35 طلبہ وطالبات کے درمیان میڈل اور سرٹیفیکیٹ معزز مہمانوں کے ہاتھوں تقسیم کیے گیے۔حفاظ، ایس ایس ایل سی، پی یو سی سال دوم، ڈگری اور مختلف تعلیمی میدان میں اپنے کارہانے نمایاں انجام دے کر اپنا اور اپنے والدین واساتذہ کا سر فخر سے اونچا کرنے والے ان طلبہ وطالبات کی خدمت میں ڈھیر ساری مبارکباد پیش کی گئیں۔ پروگرام میں بطورِ مہمانِ خصوصی نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا انصار صاحب خطیب مدنی اور اعظمی ہیلتھ سینٹر کے فاؤنڈر اینڈ ڈائیریکٹر ڈاکٹر محمد مسلم ندوی سمیت کئی مقامی و شہر بھٹکل کی مؤقر شخصیات نے شرکت کی اور صدرات شراوتی مسلم کونسل کے صدر جناب خواجہ صاحب ابکار نے کی۔ خوشی کی بات یہ رہی کہ اس پروگرام میں قومِ نوائط کی سب سے پہلے پائلٹ کی تعلیم مکمل کرنے والی ولکی سے تعلق رکھنے والی نوال بنت خلیل شیخ اور لندن میں اپنی ایم بی اے کی تعلیم مکمل کرنے والے نہیر ابن محمد حنیف محمدا کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام میں شراوتی بیلٹ میں پی یو سی سالِ دوم میں سب سے زیادہ فیصد حاصل کرنے والی ہیراانگڈی کی طالبہ رہی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نو سال تک یہ ایوارڈ غیر مسلم طلبہ وطالبات حاصل کرتے رہے۔
کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا ڈاکٹر عبداللہ سکری ندوی نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں میں تعلیمی پسماندگی پائی جارہی ہے جس کو دور کرنے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جس کے ذریعہ طلبہ تعلیمی میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ ان اقدامات میں ایک طلبہ میں تشجیعی انعامات کی تقسیم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراوتی بیلٹ کے طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کے لیے 2015 میں شراوتی مسلم تعلیمی ایوارڈ شرع کیا۔ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ جس سال شروع کیا تھا اس وقت سب سے زیادہ فیصد 67 تھا اور امسال طلبہ نے 98 فیصد تک حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اس کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہوناور سے لے کر گیرسپا تک جتنے بھی گاؤں ہیں ان میں حفاظ ، ایس ایس ایل سی ، پی یو سی اور دیگر ڈگری حاصل کرنے والوں کو ان ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے اس کے علاوہ 80 فیصد سے زائد حاصل کرنے والے ہر گاؤں کے ایک ٹاپر کو ایک انعام سے نوازا جاتا ہے۔
مہمانانِ خصوصی نے تعلیم کی اہمیت اور اس کی افادیت پر سیر حاصل گفتگو فرمائی اور شراوتی بیلٹ کے بچوں میں بڑھتے تعلیمی رجحان پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
اسٹیج پر تشریف فرما دیگر مہمانوں میں قابلِ ذکر جناب عتیق الرحمن منیری ، جناب قمر سعدا صاحب ، جناب فاروق مصباح صاحب ، جناب جیلانی محتشم صاحب ، جناب عبد المعز معلم صاحب وغیرہ شریک تھے۔




