بھٹکل(فکروخبر/موصولہ رپورٹ) مسجد سیدنا یوسف کے زیر اہتمام استقبال رمضان اور شبینہ مکتب پروگرام کے عنوان پر 6/ فروری بروز جمعرات بعد نماز عشاء ایک اجلاس منعقد ہوا، جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، نعت پاک کے بعد اجلاس کے کنوینر محمد اکرم جمشیر ندوی نے پروگرام کی غرض وغایت پر روشنی ڈالتے ہوئے استقبالیہ کلمات پیش کئے ،بعد ازاں طلباء نے مختلف عناوین پر تقاریر ، قوالی ، نظمیں اور نعتیں پیش کیں ،”ہم ہیں زندہ باد “کے عنوان پر اداکارانہ نظم بھی پیش کی گئی، بچوں نے بہترین انداز میں عوام کے سامنے اپنی صلاحیت اور قابلیت کا مظاہرہ کیا ، اسکے بعد مہمان خصوصی جناب مولانا اقبال نائیطے ندوی نے مرد وخواتین سے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے اپنے بچوں اور نونہالوں کی دینی و اخلاقی فکر کرنے کی طرف خاص توجہ دلائی ، دشمنان اسلام کی نت نئی چالوں اور مکر وفریبیوں میں کس طرح ہماری نئی نسل گرفتار ہے آگاہ فرمایا اسکی ضرب کاری اور سد باب کے لئے ہر معاشرہ اور ہرمحلہ میں شبینہ مکاتب کا قیام عمل میں لانا ضروری ہے جس میں نونہالوں کی دینی عقائد کی درستگی ، قرآن سے وابستگی عقائد کی پختگی ہوتی ہو اس کی اہمیت و افادیت پر زور دیا اسکو مضبوط و مستحکم کرنے میں مسجد کے ذمہ داروں کے ساتھ ساتھ اہل محلہ کی بھی ذمہ داری کا احساس دلایا ،رمضان المبارک کی مناسبت سے ماہ رمضان کے فضائل اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سچی ، پکی نیت اور عزم مصمم کے ساتھ مبارک مہینے سے فائدہ اٹھانے اور رنجشوں کو دور کرنے، عبادتوں کی طرف متوجہ ہونے پر جامع انداز میں پرزور خطاب فرمایا ، اخیر میں جنرل سکریٹری مولانا میراں اشفاق پوتے ندوی نے شبینہ مکتب کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے محلے کی شبینہ مکتب پر اراکین انتظامیہ کی فکر مندی اور اسکی ترقی و ترویج میں مستقبل کے لئے انکا لائحہ عمل کیا ہے مختصر رپورٹ پیش کی ،انہی کے شکریہ کلمات کے ساتھ تمام طلباء کو انعامات سے نوازا گیا اور پابندی سے مکتب حاضر ہونے والے طلباء اور امسال محلہ میں حافظ ہونے والے طلباء وطالبات ( جن میں ایک طالبہ مدرسہ مسجد سیدنا یوسف میں حافظہ ہوئی ہیں) کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا ، مدرسہ کے اساتذہ اور محترمہ کو بھی ان کی محنتوں اور کاوشوں کے پیش نظراعزازیہ پیش کیا گیا ، اخیر میں مولانا کی دعائیہ کلمات سے جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
ملحوظ رہے کہ یہ جلسہ جناب اسمعیل اکرم صاحب کے زیر صدارت رہا انکے علاوہ سابق صدر اور سرپرست اعلی جناب سید آدم صاحب ، نائب صدر جناب انصار شنگیٹی، نائب سکریٹری جناب مزمل شیخ اور دیگر مہمانان بھی اسٹیج پرتشریف فرما تھے۔