بنگلورو : کرناٹک حکومت نے بدھ کے روز ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (DGP) کے رام چندر راؤ کی معطلی کے احکامات کو منسوخ کر دیا ہے اور انہیں فوری طور پر سروس پر بحال کر دیا ہے۔ 1993 بیچ کے اس آئی پی ایس افسر کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (پولیس مینوئل) کے طور پر نئی تعیناتی دی گئی ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق ڈی جی پی (پولیس مینوئل) کے عہدے کو ‘آئی پی ایس پے رولز 2016’ کے تحت کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (CID)، خصوصی یونٹس اور اقتصادی جرائم کے کیڈر کے مساوی قرار دیا گیا ہے۔ رام چندر راؤ اگلے احکامات تک اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ راؤ، جو اس سے قبل ڈی جی پی (سول رائٹس انفورسمنٹ) کے طور پر کام کر رہے تھے، کو رواں سال 19 جنوری کو معطل کر دیا گیا تھا۔ ان کی معطلی کی وجہ سوشل میڈیا اور نیوز چینلز پر وائرل ہونے والی وہ مبینہ آویڈیوز بنی تھیں جن میں انہیں نازیبا حالت میں دکھایا گیا تھا، جس سے ریاستی انتظامیہ کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کے رام چندر راؤ کا نام اس وقت بھی سرخیوں میں رہا جب ان کی سوتیلی بیٹی اور کنڑ اداکارہ ہرشوردھینی رانیا (عرف رانیا راؤ) کو 3 مارچ 2025 کو بنگلورو ایئرپورٹ پر دبئی سے 14.8 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ رانیا پر دو دیگر تاجروں کے ساتھ مل کر 12.56 کروڑ روپے مالیت کا سونا غیر قانونی طور پر بھارت لانے کا الزام ہے۔ حکومت کے حالیہ فیصلے کے بعد اب راؤ دوبارہ محکمہ پولیس کے اہم عہدے پر اپنی خدمات کا آغاز کریں گے۔




