نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے شریک کنوینر اور چیف ترجمان سورَو داس کو پیر کی شب دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لندن جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ وہ برطانیہ میں آکسفورڈ یونین کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ واقعے کے بعد جہاں داس نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے بزدل قرار دیا، وہیں سرکاری ذرائع کے مطابق ان کے پاسپورٹ میں جائے پیدائش کے اندراج میں مبینہ بے ضابطگی پائی گئی ہے، جس پر چنئی کے ریجنل پاسپورٹ آفس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
سورَو داس کے مطابق ان کی لندن کی پرواز پیر کی رات ایک بجے مقرر تھی، تاہم جب وہ امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے تو حکام نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا پاسپورٹ روک دیا گیا ہے اور اس پر اعتراض درج ہے۔ داس کو برطانیہ کے دورے کے دوران آکسفورڈ، کیمبرج، لندن اسکول آف اکنامکس اور یونیورسٹی آف ایڈنبرا سمیت متعدد تعلیمی اداروں میں ’کاکروچ موومنٹ‘ کے موضوع پر گفتگو کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
ایئرپورٹ پر روکے جانے کے بعد داس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو اور بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات سے خوف زدہ ہے کہ وہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں جا کر اپنی بات رکھیں گے۔ انہوں نے آئینِ ہند کے نسخوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ یہ کتابیں برطانیہ میں اپنے دوستوں کو تحفے میں دینے کے لیے لے جا رہے تھے، لیکن حکومت نے انہیں سفر کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اگر وہ ہزاروں کروڑ روپے کے بینک فراڈ کے ملزمان نیرو مودی، میہول چوکسی یا وجے مالیا ہوتے تو شاید انہیں بیرونِ ملک جانے کے لیے سرخ قالین بچھا کر رخصت کیا جاتا۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق داس کا پاسپورٹ ۲۱ اگست ۲۰۱۹ کو چنئی کے ریجنل پاسپورٹ آفس سے جاری ہوا تھا، جس میں ان کی جائے پیدائش مبینہ طور پر غلط طور پر چنئی درج ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چنئی پاسپورٹ دفتر نے دستاویزات میں تضاد کی بنیاد پر پاسپورٹ ضبط کرنے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ۲۳ نومبر کو داس کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ نوٹس میں انہیں سات دن کے اندر وضاحت پیش کرنے اور جواب داخل ہونے تک پاسپورٹ کو سفر کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
تازہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سورَو داس نے نوٹس کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ۲۰۱۹ میں پولیس تصدیق کے بعد یہی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور وہ اس پر دو مرتبہ بیرونِ ملک، بشمول ناروے میں ایک کانفرنس کے لیے سفر بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی قانونی انکوائری کا سامنا کرنے اور نوٹس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن اگر جانچ کی آڑ میں شہریت پر سوال اٹھانے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کی مخالفت کریں گے۔
اس معاملے میں برطانوی صحافی نومی کینٹن کی جانب سے یہ وضاحت بھی سامنے آئی ہے کہ سورَو داس کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کسی باضابطہ لیکچر کے بجائے آکسفورڈ یونین کے ایک پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا۔ آکسفورڈ یونین ایک معروف طلبہ مباحثاتی تنظیم ہے جو یونیورسٹی انتظامیہ سے الگ اور آزادانہ طور پر کام کرتی ہے۔
ادھر سی جے پی کے بانی ابھجیت ڈپکے نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ نوجوانوں اور باشعور آوازوں کو عالمی سطح پر اپنی بات پہنچانے سے روک رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب سورَو داس کو ہوائی اڈے پر روکا گیا ہے؛ اس سے قبل ۱۰ اکتوبر کو بھی انہیں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو دہلی ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا تھا۔ فی الحال سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ سات دن کی مہلت کے اندر داس کے جواب کے بعد پاسپورٹ حکام کیا حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔




