سعودی عرب کے ادارہ شماریات نے حج 2026 کے سرکاری اعداد و شمار کا بڑا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق رواں برس حج 2026 میں مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 عازمین نے حج کا فریضہ ادا کیا۔ وزارتِ داخلہ کے انتظامی ریکارڈ کی بنیاد پر مرتب کی گئی اس تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، بارگاہِ الٰہی میں حاضری دینے والے ان ضیوف الرحمن میں مرد اور خواتین دونوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق، بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 46 ہزار 655 رہی، جب کہ اندرونِ ملک (سعودی عرب) سے تعلق رکھنے والے حجاج کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 646 ریکارڈ کی گئی ہے۔ صنف کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو حج 2026 کی سعادت حاصل کرنے والوں میں 8 لاکھ 93 ہزار 396 مرد اور 8 لاکھ 13 ہزار 905 خواتین شامل تھیں۔
سعودی حکام نے عازمینِ حج کی آمد کے راستوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امسال بھی سب سے زیادہ عازمین نے فضائی سفر کو ترجیح دی۔ رپورٹ کے مطابق 14 لاکھ 85 ہزار 729 عازمین فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچے، جب کہ 54 ہزار 429 حجاج نے زمینی راستوں کا استعمال کیا اور 6 ہزار 497 عازمین سمندری راستے سے مملکتِ سعودی عرب پہنچے۔ تمام عازمین کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔




