سنبھل شاہی جامع مسجدمعاملہ : سماعت ملتوی، نئی تاریخ 24 فروری

سنبھل: سنبھل شاہی جامع مسجد بمقابلہ ہریہر مندر کیس میں آج ہونے والی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ جیسے ہی کیس سول جج سینئر ڈویژن کورٹ میں پہنچا تو یہ واضح ہوگیا کہ آج کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ وجہ سپریم کورٹ کا حکم امتناعی تھا، جس نے نچلی عدالت میں کارروائی کو براہ راست روک دیا ہے۔

اگلی سماعت 24 تاریخ کو: چندوسی ڈسٹرکٹ کورٹ سپریم کورٹ کے حکم کی وجہ سے آج کی سماعت ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ عدالت نے 24 فروری کی نئی تاریخ مقرر کی ہے۔ ہندو فریق کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ گوپال شرما نے بتایا کہ سنبھل جامع مسجد بمقابلہ ہری ہر مندر کیس کی سماعت 12 جنوری کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔ ممکن ہے کہ سپریم کورٹ اس دن اپنا فیصلہ سنائے اور سنبھل ڈسٹرکٹ کورٹ 24 فروری کو اس کیس کی سماعت کرے گی۔

سپریم کورٹ کا حکم امتناعی: اس دوران مسلم فریق کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شکیل احمد وارثی نے کہا کہ سنبھل جامع مسجد بمقابلہ ہریہر مندر کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کی وجہ سے آج نہیں ہو سکی۔ اب سماعت 24 فروری کو ہوگی۔ یہ معاملہ محض قانونی تنازع نہیں ہے بلکہ اس میں ایمان، تاریخ اور ایک حساس سماجی توازن بھی شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر تاریخ پر پورا ضلع عدالت پر نظریں جمائے رکھتا ہے۔ آج بھی عدالتی احاطے میں سرگرمیاں جاری تھیں لیکن حکم امتناعی کے سامنے ہر کوئی بے بس نظر آیا۔

غور طلب ہے کہ اس تنازعہ سے متعلق کارروائی کے دوران 24 نومبر 2024 کو سنبھل میں صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب شاہی جامع مسجد میں سروے جاری تھا۔ تشدد نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا، انتظامیہ کو ایک بڑی پولیس فورس تعینات کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس کے بعد سے یہ معاملہ اور بھی حساس ہو گیا ہے۔