روس کا یوکرین پر فضائی حملہ، 12 ہلاک، 60 زخمی

(فکروخبر/ذرائع)یوکرین پر روس نے جنگ کے آغاز سے اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کر دیا، جس سے کئی شہر دہل اٹھے۔ روسی افواج نے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں پر 367 ڈرونز اور درجنوں میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 شہری جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ حملہ رات گئے کیا گیا، جس میں شمالی علاقے زیتومیر کے تین بچے بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے حملے میں 298 ڈرونز اور 69 میزائل استعمال کیے، جن میں سے 266 ڈرونز اور 45 میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے تیسرے اور آخری مرحلے کی تیاریاں جاری تھیں، جس میں دونوں جانب سے 1000 قیدیوں کا تبادلہ ہونا ہے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکہ اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی خاموشی صدر پیوٹن کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، اور ہر حملہ روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا جواز بننا چاہیے۔

کیف میں حملے کے باوجود کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی، تاہم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دیگر متاثرہ علاقوں میں کھرکیو، میکولائیو اور ترنوپل شامل ہیں، جہاں شہری املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ گزشتہ دو دنوں میں روس کی جانب سے دوسرا بڑا حملہ ہے۔ اس سے قبل جمعے کو بھی روس نے بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کے ذریعے کیف کو نشانہ بنایا تھا۔

بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ 11 ہزار ڈالر سے متجاوز، کرپٹو مارکیٹ میں زبردست تیزی

غزہ پر اسرائیلی درندگی کی انتہا: صحافی شہید، بھوک کا عذاب اور فوجیں مسلط