یلاپور: اریبائل گھاٹ میں تیز رفتار ایسڈ ٹینکر کھائی میں گرنے سے ڈرائیور ہلاک

یلاپور تعلقہ میں قومی شاہراہ-52 پرواقع اریبائل گھاٹ کے مقام پر منگل کی رات ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں ہائیڈروکلورک ایسڈ (HCL) سے بھرا ہوا ایک ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ٹینکر کا ڈرائیور، جس کی شناخت آندھرا پردیش کے ضلع محبوب نگر کے رہائشی 43 سالہ وڈلا انجنیلو کے طور پر ہوئی ہے، موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

 پولیس ذرائع کے مطابق ڈرائیور 4 مئی کو آندھرا پردیش کے کرنول سے ایسڈ لے کر انکولہ کی طرف جا رہا تھا کہ 5 مئی کی رات تقریباً 11 بجے گھاٹ کی ڈھلوان اور خطرناک موڑ پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹینکر سڑک کے کنارے گہری کھائی میں جا گرا۔ ٹینکر کے گرنے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر رمیش ایچ اور پی ایس آئی راج شیکھر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور معائنہ کیا۔ پولیس نے متوفی کے رشتہ دار وڈلا وینکٹیش کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر کریں۔