بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک میں جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ہے۔ شدید بارش کے سبب ریاست میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے، جن میں تین ہلاکتیں بنگلورو میں ہوئیں۔ خراب موسم کے پیشِ نظر انڈیا میٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے سات اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔
ریڈ الرٹ والے اضلاع میں اترا کنڑا، اُڈپی، دکشن کنڑا، کوڈاگو، شیوموگا، چکمگلور اور ہاسن شامل ہیں، جہاں آئندہ چند گھنٹوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے ان علاقوں کے لیے فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کی بھی وارننگ جاری کی ہے۔
ریاستی دارالحکومت بنگلورو میں دن بھر بارش ہوتی رہی، تاہم شہر کو فی الحال اورنج الرٹ کے تحت رکھا گیا ہے۔ منگل کی صبح 8:30 سے دوپہر 2:30 تک بنگلورو میں 0.4 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق شہر میں صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے کیونکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کے بادل شمال مغرب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔