سینئر صحافی رضا مانوی کو کنڑا ساہتیہ پریشد کی جانب سے 4 دسمبر کو اعزاز سے نوازا جائے گا

بھٹکل :  کنڑا ساہتیہ پریشد کی جانب سے سینئر صحافی اور مصنف  جناب رضا مانوی صاحب کو سرسی میں 4 دسمبر کو منعقد ہونے والے کنڑا ساہتیہ سمّیلن میں ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔

جناب رضا مانوی معروف صحافی ہیں جو گذشتہ 25 سالوں سے صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ وہ کامیاب استاد بھی ہیں اور اب تک ان کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی ہے۔ ان کی مادری زبان اردو ہے البتہ وہ کنڑا زبان پر عبوررکھتے ہیں۔

جناب مانوی وارتا بھارتی اخبار کے بھٹکل نامہ نگار اور ساحل آن لائن ویب سائٹ کے کنڑا سیکشن کے ڈپٹی ایڈیٹر کے طور پر اپنی صحافتی خدمات انجام دےرہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھٹکل ون میڈیا کے نام سے ایک یوٹیوب چینل بھی چلارہے ہیں جس میں وہ مقامی خبروں کے ساتھ ساتھ یہاں کے مختلف مسائل پر خصوصی گفتگو بھی کرتے ہیں۔

صحافت کے ساتھ ساتھ جناب مانوی سماجی کاموں سے بھی جڑے ہوئے ہیں اور کئی اداروں کے اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ بھٹکل تعلقہ میں ہم آہنگی کے لیے انھوں نے سدبھاونا منچ کے سکریٹری کے طور پر کئی پروگرام منعقد کیے ہیں۔ موصوف آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر کے طور پر بھی اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

موصوف کو کنڑا زبان پر بڑی مہارت ہے۔ انہوں نے کئی کہانیاں، نظمیں اور تنقیدی مضامین لکھے ہیں۔ ان کی کئی کہانیاں، نظمیں اور مضامین ریاست کے معروف اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں اور وہ ادب اور صحافت دونوں شعبوں سے یکساں طور پر وابستہ ہیں۔ یہ ایوارڈ نہ صرف ان کی طویل المدتی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی اس طرح کے میدانوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی پیدا کرتا ہے۔