مولانا سمعان ندوی بھٹکلی کی کتاب "رسولِ انسانیت ” کا ہندی ترجمہ، ناظم ندوۃالعلماء کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا اجرا

مولانا سمعان خلیفہ ندوی بھٹکلی کی کتاب ’’رسولِ انسانیت‘‘ کا ہندی ترجمہ ’’ مانوتا کے رسول‘‘ کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔ جس کا اجرا ناظم ندوۃ العلماء لکھنو حضرت مولانا بلال عبدالحی حسنی ندوی کے دستِ مبارک سے رائے بریلی کے تکیہ کلاں میں منعقد ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔

کتاب "رسولِ انسانیت ” میں اللہ کے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو "رحمۃ للعالمینی” (تمام جہانوں کے لیے رحمت)، عدل و انصاف وغیرہ کے حوالے سے دل پذیر انداز میں پیش کیا گیا ہے، موجودہ دور میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی انسانیت نوازی کے مختلف پہلوؤں اس انداز میں اجاگر کرنا چاہیے، تاکہ عالم انسانیت اپنے محسن اعظم کی احسان شناس اور قدردان ہو۔

مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے اپنی اس کتاب میں پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو موجودہ دور میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، خاص طور پر انسانیت کے لیے محبت، عدل اور انصاف جیسے اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

مولانا بلال حسنی ندوی نے کتاب کے اجرا کی تقریب میں اس اہم اقدام کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ کتاب نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کے لیے بھی ایک قیمتی تحفہ ثابت ہوگی، تاکہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور تعلیمات سے استفادہ کر سکیں۔

تقریب میں شریک علماء اور اہلِ دانش نے مولانا مصور عالم ندوی کے اس ہندی ترجمے کی بھرپور سراہنا کی اور کہا کہ اس کتاب کے ذریعے ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو بہتر انداز میں دنیائے انسانیت کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ملک کے طول وعرض سے پیام انسانیت کے اہم کارکنان اور ممتاز علمائے کرام موجود تھے۔