بھٹکل (فکروخبر نیوز) رابطۃ الأدب الإسلامي کے زیرِ اہتمام 32ویں کل ہند دو روزہ سالانہ مذاکرۂ علمی (سیمینار) کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ علمی و ادبی اجتماع 14 اور 15 نومبر 2026ء، بمطابق 4 اور 5 جمادی الثانیہ 1448ھ (ہفتہ، اتوار) کو بھٹکل کے معروف ادارے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں منعقد ہوگا۔ امسال مذاکرے کا مرکزی موضوع "حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ اور ان کی ادبی، علمی اور فکری خدمات” مقرر کیا گیا ہے، جس پر ملک بھر سے اہلِ علم، محققین اور ادباء اپنے مقالات پیش کریں گے۔
رابطۃ الأدب الإسلامي کے سکریٹری مولانا عمیر الصدیق ندوی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، مذاکرے کی صدارت حسبِ روایت رابطہ کے صدر حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی مدظلہ العالی (ناظم ندوۃ العلماء لکھنو) فرمائیں گے، جبکہ مجلسِ استقبالیہ کے صدر مولانا محمد الیاس بھٹکلی ندوی ہوں گے۔
اعلامیے میں مقالہ نگاروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 15 اکتوبر 2026ء تک اپنی شرکت کی توثیق اور مقالے کا عنوان ارسال کریں، جبکہ مکمل مقالہ PDF اور InPage فارمیٹ میں یکم نومبر 2026ء تک روانہ کریں، تاکہ مقالات کی ترتیب، تدوین اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
منتظمین نے بتایا ہے کہ مذاکرے میں شریک تمام مہمانوں کے قیام و طعام کا مکمل انتظام ادارے کی جانب سے کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس علمی اجتماع میں ملک کے مختلف حصوں سے وابستہ اہلِ قلم، ادباء، محققین اور علمی شخصیات بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔




