بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل کے قاری حماد ابن ہارون پلور نے اپنے عزم، محنت اور جہدِ مسلسل کی ایک شاندار مثال قائم کرتے ہوئے دبئی میں ملازمت کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں نو سالہ عالمیت کورس مکمل کرلیا۔ ان کی اس کامیابی پر ہر جانب سے مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں، اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے عزم و حوصلہ کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
قاری حماد نے فکروخبر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے حفظِ قرآن مکمل کیا، جس کے بعد قاری ضیاء اور قاری حبیب صاحبان سے قراءتِ حفص کی اجازت حاصل کی۔ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہوں نے عصری تعلیم میں بھی اعلیٰ کارکردگی دکھائی، چنئی سے بی کام اور ایم کام کی ڈگریاں حاصل کیں، اور بعد ازاں بھٹکل کے معروف تعلیمی ادارے انجمن انسٹی ٹیوٹ سے ایم بی اے کی تعلیم مکمل کی۔
مگر ان کے عزائم یہیں ختم نہیں ہوئے۔ دبئی میں ملازمت کے دوران انہوں نے علم دین کے حصول کا سلسلہ جاری رکھا۔ دن بھر کی تھکا دینے والی ملازمت کے بعد وہ رات میں چلنے والی دینی کلاسز میں باقاعدگی سے شرکت کرتے رہے۔ یہی تسلسل اور محنت آخرکار انہیں نو سالہ عالمیت کورس کی تکمیل تک لے آیا۔
وہ اب تک ملک و بیرون میں قرأت کے 300 سے زائد پروگراموں میں حصہ لے چکے ہیں۔
قاری حماد کی یہ محنت اور عزم وحوصلہ نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ انسان کے مقاصد اعلیٰ ہوں اور اس کے لیے جہدِ مسلسل کرے تو کامیابی اس کے قدم ضرور چومے گی۔
فکروخبر کی جانب سے قاری حماد کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔




