بنگلورو: پولیس وردی کے پیچھے منشیات کا کاروبار! انسپکٹر سمیت 11 پولیس اہلکار معطل

بنگلورو، 14 ستمبر (فکروخبرنیوز) منشیات کی روک تھام کے لیے متحرک پولیس کا چہرہ اس وقت داغدار ہوگیا جب بنگلورو میں ایک انسپکٹر اور 10 کانسٹیبل ڈرگ مافیا سے ملی بھگت میں پکڑے گئے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ماہانہ لاکھوں روپے کمیشن کے عوض منشیات فروشوں کو تحفظ فراہم کر رہے تھے۔

معطل اہلکاروں میں چامراج پیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ٹی۔ منجنا اور چامراج پیٹ و جے جے نگر تھانوں کے 10 کانسٹیبل شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ اہلکار ڈرگ پشروں سے 1 تا 1.5 لاکھ روپے تک ماہانہ وصول کرتے تھے۔

یہ انکشاف اس وقت ہوا جب آر آر نگر پولیس نے حالیہ دنوں میں ٹائیڈول گولیوں پر مشتمل ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا اور چھ ملزمین – سلمان عرف پاپا، سلمان عرف پوت، نیاز، نواز اور ریشما کو گرفتار کیا۔ پولیس نے 1000 ٹائیڈول گولیاں (مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے) اور 4 لاکھ روپے نقد برآمد کیے۔

مزید تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان کو پولیس کی پشت پناہی حاصل تھی۔ شواہد کے مطابق اہلکار نہ صرف ان کی سرگرمیوں کو نظرانداز کرتے تھے بلکہ انہیں منشیات کی تجارت کو بڑھانے کے طریقے بھی بتاتے تھے۔

ای سی پی چندن کی تحقیقات کے بعد ڈی سی پی گریش نے کارروائی کی سفارش کی جس پر بنگلورو سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے فوری طور پر تمام 11 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دیگر تھانوں کے افسران بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

منڈیا: بسنا گوڑا یتنال کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر پر ایف آئی آر، مبینہ طور پر فرقہ وارانہ بیان بازی کا الزام

کانگریس پاکستانی پرورش یافتہ دہشت گردوں کی حمایت کر رہی ہے، فوج کے بجائے دہشت گردوں کا ساتھ دیتی ہے: وزیر اعظم مودی کا الزام