بھٹکل (فکروخبرنیوز) پیامِ انسانیت فورم بھٹکل یونٹ کی جانب سے آج ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر تھانہ کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور پیامِ انسانیت کے مقاصد ان کے سامنے رکھے۔ الحمدللہ آج پیامِ انسانیت بھٹکل یونٹ کے ممبران نے ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ڈی ایس پی گرش سر اور سب انسپکٹر نوین کمار سے ملاقات کی۔ سب انسپکٹر نوین ایس نائک کو وزیراعلیٰ کی طرف سے ملنے والے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا۔
اس موقع پر بھٹکل یونٹ کے رکن ماسٹرعبدالسمیع نے کہا کہ انسان ہونے کی حیثیت سے ہم سب کے حقوق برابر ہیں اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کرتے ہوئے ہمیں اس ملک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیامِ انسانیت فورم کا بنیادی مقصد معاشرے میں امن، بھائی چارہ، باہمی احترام اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے، اور اسی جذبے کے تحت مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایک مضبوط اور پُرامن معاشرہ اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب دونوں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے سب انسپکٹر نوین کمار ایس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت اور مخلص افسران معاشرے کے لیے ایک مثال ہیں۔
اس موقع پر سب انسپکٹر نوین کمار ایس نے پیامِ انسانیت فورم کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ انجام دینے کی کوشش کرتے رہیں گے اور عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں عوام کا تعاون نہایت ضروری ہے۔
آخر میں وفد نے پولیس اسٹیشن کے عملے کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی اسی طرح تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پیامِ انسانیت کے فورم رکن مولانا فواز منصوری ندوی ، کرناٹک سرکاری نوکر سنگھا کے سکریٹری وینکٹیش نائک اور دیگر موجود تھے۔


